موسمی طوفان لی امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست لوئی زی آنا کی طرف بڑھ رہاہے اور اس کے نتیجے میں ہونےوالی بارشیں ریاست کے خلیجی ساحل کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہیں۔
نیشنل ہری کین سینٹر کا کہنا ہے کہ لوئی زی آنا ، مسس سیپی اور الاباما کے جنوبی حصوں میں اتوار تک 50 سنٹی میٹر تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔
سینٹر کا کہنا ہے کہ طوفان ہفتے کی رات تک لوئی زی آنا تک پہنچ سکتا ہے۔
لی کے نتیجے میں خلیج میکسیکو میں تیل اور گیس کے پروڈیوسرز کو پلیٹ فارمز بند کرنے پڑے اور کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا ۔
ٹراپیکل طوفان کے محتاط رہنے کے لیے مسس سی پی سے ٹیکساس تک کے علاقوں میں چوکس کردیا گیا نیو آلیئنز ، لوئی زی آنا کے علاقے جہاں 2005 میں ہری کین کٹرینا کے باعث بہت تباہ کن نقصانات ہوئے تھے ، اس طوفان کے راستے میں ہیں۔
اسی دوران امدادی عملے کے ارکان نے ہری کین آئرین سے بحالی میں رہائشیوں کی مد د جاری رکھی جس نے ریاست ورمونٹ ، کنیٹی کٹ ، نیو یارک ، نیو جرسی اور نارتھ کیرولائنا کی ریاستوں کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچایا تھا ۔ آئرین کے باعث امریکہ میں کم از کم 45 جب کہ کیریبین کے علاقے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے جب کہ اس کے نتیجے میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ۔
امریکی صدر اوباما تیز ہواؤں اور سیلاب کے نقصانات کاجائزہ لینے کے لیے اتوار کےر وز نیو جرسی کا دورہ کر رہے ہیں ۔
ستمبر کا مہینہ عام طور پر ہری کین کا موسم ہوتا ہے ۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ 2011 ہری کین کا ایک فعال موسم رہے گا جس میں آٹھ سے دس ہری کین آسکتے ہیں ۔ یہ تعداد معمول سے کچھ ہی زیادہ ہے ۔