رسائی کے لنکس

ڈونالڈ ٹرمپ کی صدر اوباما پر جوابی تنقید


ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ براک اوباما "امریکہ کی تاریخ کے غالباً بدترین صدر ( کے طور پر سکبدوش) ہوں گے۔''

امریکہ میں ریپبلکن جماعت کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ براک اوباما "امریکہ کی تاریخ کے غالباً بدترین صدر ( کے طور پر سکبدوش) ہوں گے۔''

ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنا یہ ردعمل صدر اوباما کے اس بیان پر دیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ریپبلکن امیدوار صدارت کے لیے اہل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "میں نے گزشتہ ہفتے یہ کہا تھا اور وہ (ٹرمپ) مسلسل اسے (صحیح) ثابت کرنے میں لگے ہیں۔"

صدر اوباما اور اپنی حریف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن کی طرف سے خود پر ہونے والی تنقید پر ٹرمپ بھی فوری ردعمل کا اظہار کرتے نظر آئے ہیں۔

وہ ان دونوں شخصیات کو ناکام قیادت قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ صدر اوباما کے پہلے دور کی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن نے "مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کیا۔"

ادھر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر ایک نئے تنازع کا شکار ہوتے نظر آتے ہیں۔ منگل کو ورجینیا کے علاقے ایشبرن میں ہونے والی ایک ریلی میں ٹرمپ کو ایک سابق فوجی کرنل نے اپنا "پرپل پارٹ" میڈل تحفتاً پیش کیا۔

ٹرمپ نے ہاتھ میں پرپل ہارٹ میڈل تھام رکھا ہے
ٹرمپ نے ہاتھ میں پرپل ہارٹ میڈل تھام رکھا ہے

ٹرمپ نے کہا کہ سابق فوجی نے انھیں بتایا کہ یہ ان پر اعتماد کے اظہار کے لیے ہے۔

پرپل ہارٹ ان امریکی فوجیوں کو دیا جاتا ہے جو جنگ میں زخمی ہوئے ہیں پھر جان کی بازی ہارنے والوں کو بعد از مرگ اس سے نوازا جاتا ہے۔

ٹرمپ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انھوں نے کبھی بھی فوج میں خدمات انجام نہیں دیں لیکن ان کے بقول سابق فوجی کی طرف سے ملنے والا یہ تحفہ ان کے لیے قابل فخر ہے۔

لیکن فوج کے اس ایوارڈ کی تنظیم کے ایک ترجمان جان بریچر اسے نامناسب قرار دیتے ہیں۔ سی بی ایس نیوز سے بات کرتے ہوئے بریچر نے کہا کہ "یہ بہت خوفناک ہے کہ پرپل ہارٹ میڈل کوئی ایسا شخص پہنے جو اس کا حقدار نہ ہو۔۔۔میرے خیال میں ڈونلڈ ٹرمپ یہ نہیں جانتے کہ پرپل ہارٹ میڈل کیا معنی رکھتا ہے۔"

XS
SM
MD
LG