رسائی کے لنکس

داعش اور انتہاپسندی کا خاتمہ ٹرمپ انتظامیہ کی اولین ترجیج


وہائٹ ہاؤس میں مسٹر ٹرمپ کی آمد۔ 20 جنوری 2017
وہائٹ ہاؤس میں مسٹر ٹرمپ کی آمد۔ 20 جنوری 2017

ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ایس اور دوسرے انتہاپسند دہشت گرد گروپس کو شکست دینا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

انتہاپسند اسلامی دہشت گرد گروپس کو شکست دینا ، ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے اہم ترین اہداف میں شامل ہوگا۔

یہ بات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چار سال کی مدت کے لیے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعدوہائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر نے جمعے کے روز اپنی افتتاحی تقریر میں یہ وعدہ کیا کہ وہ مہذب دنیا کے ساتھ مل کر انتہا پسند اسلامی دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے اور اسے کرہ ارض پر سے مکمل طور پر ختم کر دیں گے۔

وہائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے اس بیان میں جسے امریکہ کی پہلی خارجہ پالیسی کا عنوان دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ایس اور دوسرے انتہاپسند دہشت گرد گروپس کو شکست دینا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

اسلامک اسٹیٹ اور اسی طرح کے دوسرے انتہاپسند گروہوں کو شکست دینے اور ختم کرنے سے متعلق نئی امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب بھی ضروری ہوا ،وہ ان کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائیاں کریں گے ، دہشت گرد گروپس کو فندز کی فراہمی روکنے کے لیے کام کیا جائے گا، ان کے پراپیگنڈے اور نئی بھرتیوں کا توڑ کیا جائے گا۔

بیان میں اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا کہ اس سلسلے میں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیاں ، سبکدوش ہونے والے ڈیموکریٹک صدر براک اوباما سے کس طرح مختلف ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG