رسائی کے لنکس

سربراہی ملاقات سے قبل امریکی و شمالی کورین حکام کے مذاکرات


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی سفارت کاروں اور شمالی کورین حکام کے درمیان "بہت نتیجہ خیز بات چیت" ہوئی ہے۔

صدر نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ان کی مجوزہ ملاقات 27 اور 28 فروری کو ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ہوگی۔

جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں صدر نے کہا کہ سربراہی ملاقات کی تاریخوں اور اوقات پر اتفاقِ رائے شمالی کوریا میں امریکی اور مقامی حکام کے درمیان ہونے والے "بہت ہی نتیجہ خیز اجلاس" میں ہوا ہے جس کے بعد امریکی حکام وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

صدر نے کہا کہ وہ چیئرمین کم جونگ ان سے ملاقات اور امن کے مقصد کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔

صدر ٹرمپ نے رواں ہفتے کانگریس سے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں شمالی کوریا کے سربراہ سے اپنی مجوزہ ملاقات کی تاریخوں اور میزبان ملک کے نام کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس خطاب میں صدر نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ملاقات ویتنام کے کس شہر میں ہوگی۔

صدر کے اس ٹوئٹ سے قبل امریکی محکمۂ خارجہ نے جمعے کو ایک اعلامیے میں کہا کہ امریکہ کے نمائندۂ خصوصی برائے شمالی کوریا اسٹیفن بِیگن نے مجوزہ سربراہی ملاقات کے سلسلے میں تین روز تک پیانگ یانگ میں مقامی حکام سے مذاکرات کیے ہیں۔

محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ بدھ سے جمعے تک جاری رہنے والی بات چیت کے دوران فریقین نے امریکہ اور شمالی کوریا کی گزشتہ سربراہی ملاقات میں طے پانے والے امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

بیان کے مطابق امریکی نمائندے اور ان کے شمالی کورین ہم منصب کِم ہیوک چول نے سربراہی ملاقات سے قبل بات چیت کا ایک اور دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکہ کے نمائندۂ خصوصی برائے شمالی کوریا اسٹیفن بِیگن (فائل فوٹو)
امریکہ کے نمائندۂ خصوصی برائے شمالی کوریا اسٹیفن بِیگن (فائل فوٹو)

صدر ٹرمپ اور چیئرمین کِم کے درمیان نو ماہ کے دوران یہ دوسری ملاقات ہوگی۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے جون میں سنگاپور میں ملاقات کی تھی جو دونوں ملکوں کے سربراہوں کی 70 سال کے عرصے میں پہلی ملاقات تھی۔

اس تاریخی ملاقات میں صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے، وہاں قیامِ امن اور امریکہ اور شمالی کوریا کے تعلقات میں جوہری تبدیلیوں پر اتفاق کیا تھا۔

لیکن لگ بھگ نو ماہ گزرنے کے باوجود ان متفقہ امور پر بظاہرکوئی قابلِ ذکر پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ جمعے کو امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا امریکی اور شمالی کورین حکام کی تین روزہ بات چیت میں ان اہداف کے حصول پر کسی پیش رفت پر کوئی اتفاق ہوا ہے یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG