رسائی کے لنکس

آئیووا: پہلی ووٹنگ میں ہفتہ باقی، ٹرمپ کو سبقت حاصل


'فاکس نیوز' کی مرتب کردہ عام جائزہ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز کے مقابلے میں، ٹرمپ کو کافی برتری حاصل ہے، جس کی بالترتیب شرح 34 اور 23 ہے؛ جب کہ فلوریڈا کے سینیٹر مارکو روبیو 12 فی صد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں

ایسے میں جب 2016ء کے امریکی صدارتی انتخابی عمل کے سلسلے میں نامزدگی کی پہلی ووٹنگ میں صرف ایک ہی ہفتہ باقی ہے، ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدارتی امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ کو سبقت حاصل ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

'فاکس نیوز' کی مرتب کردہ عام جائزہ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز کے مقابلے میں، ٹرمپ کو کافی برتری حاصل ہے، جس کی بالترتیب شرح 34 اور 23 ہے؛ جب کہ فلوریڈا کے سینیٹر مارکو روبیو 12 فی صد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

انٹرنیٹ پر 'سی این بی سی نیوز' کی جانب سے 'بیک گرائونڈ ٹریکر' کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹرمپ کو کروز پر تھوڑی سبقت حاصل ہے، جو بالترتیب، 39 اور 34 فی صد کی سطح پر ہے، جب کہ روبیو 13 فی صد پر، بہت پیچھے ہیں۔

اِن تازہ ترین جائزہ رپورٹوں سے پتا چلتا ہے کہ ٹرمپ کی حمایت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جب کہ آئیووا کاکس یکم فروری کو ہوگا، جسے 2016ء کی صدارتی مہم کے حوالے سے پہلے سرکاری ووٹنگ کے امتحانی درجے کی حیثیت حاصل ہے۔ آئیوا کے شہر، مسکانٹائن میں اپنے حامیوں سے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ آئیووا میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ بقول اُن کے، ''میں آئیووا میں کامیابی چاہتا ہوں، میں اِسے ہر صورت جیتنا چاہتا ہوں''۔

رائے عامہ کے جائزوں میں ٹرمپ کو ملنے والی یہ سبقت ایسے میں حاصل ہو رہی ہے جب کروز اپنے دفاع پر مجبور ہیں۔ ٹرمپ نے صدارتی امیدوار بننے کے حوالے سے اُن کی اہلیت پر سوال اٹھایا تھا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کروز کو امریکی ماں نے کینڈا میں جنم دیا تھا۔

تازہ ترین جائزہ رپورٹوں سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ اُنھیں نیو ہیمپشائر میں بھی کافی سبقت حاصل ہے، جہاں آئیووا کے بعد نو فروری کو ملک کی پہلی صدارتی پرائمری منعقد ہوگی۔ فاکس نیوز کے تازہ ترین سروے سے پتا چلتا ہے کہ نیوہیپشائر میں ٹرمپ کو 31 فی صد جب کہ کروز کو 14 فی صد حمایت حاصل ہے، جب کہ 13 فی صد شرح کے ساتھ روبیو تیسرے نمبر پر ہیں۔ اوہائیو کے گورنر، جان کسیچ کو نیو ہیمپشائر میں نو فی صد کی حمایت حاصل ہے، جب کہ فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش اور نیو جرسی کے گورنر کِرس کرسٹی دونوں کو سات فی صد حمایت مل رہی ہے۔

جنوبی کیرولینا میں ٹرمپ کو پڑنے والے ووٹ بھی حوصلہ کُن لگتے ہیں، جہاں بعدازاں، فروری میں ووٹ ڈلیں گے۔ ریپبلیکن پرائمری ووٹرز کے حوالے سے بھی، 'سی بی ایس نیوز آن لائن پول' کے مطابق، ٹرمپ کو 40 فی صد؛ کروز کو 21 اور روبیو کو 13 فی صد کی حمایت حاصل ہے۔ ریپبلیکن پارٹی کے یہ تینوں امیدوار اگلے پیر کے روز ہونے والے کاکسز سے قبل، دِی مونز میں جمعرات کے روز ہونے والے مباحثے میں شرکت کریں گے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار، کانٹے کا مقابلہ

رائے عامہ کی تازہ ترین جائزہ رپورٹوں کے مطابق، آئیووا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی ہیلری کلنٹن اور اُن کے اہم چیلنجر، ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر برنی سینڈرز کے درمیان انتہائی سخت مقابلہ ہے۔

'سی این بی سی بیٹل گرائونڈ ٹریکر' کے انٹرنیٹ سروے سے پتا چلتا ہے کہ ہیلری کے مقابلے میں، سینڈرز کو ایک نکتے کی سبقت حاصل ہوگئی ہے، جب کہ کاکسز میں ایک ہفتہ باقی ہے۔۔ یہ حمایت بالترتیب 47 اور 46 فی صد ہے۔

میری لینڈ کے سابق گورنر، مارٹن او مائلی اب بھی پانچ فی صد کی شرح پر ہیں۔ 'سی بی ایس پول' کے مطابق، نیو ہیمپشائر میں بھی، سینڈرز نے کافی سبقت حاصل کر لی ہے؛ اور اب وہ ہیلری کے مقابلے میں بالترتیب 57 اور 38 فی صد کی سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں، جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اُن کا تعلق ساتھ والی ریاست، ورمونٹ سے ہے۔

تاہم، جنوبی کیرولینا میں، ہیلری سینڈرز سے کئی گُنا آگے ہیں، جہاں وہ بالترتیب 60 اور 38 فی صد کی سطح پر ہیں۔

ہیلری کلنٹن کے حامیوں کی رائے میں اُن کی امیدوار کو پرائمری شڈول میں ووٹنگ کے دوران جنوبی ریاستوں میں واضح حمایت حاصل ہوگی، اور یوں، وہ آئیووا اور نیو ہیمپشائر میں سینڈرز کو ووٹنگ میں ملنے والی سبقت کو برابر کردیں گی۔

حالیہ ہفتوں کے دوران، ہیلری کلنٹن نے سینڈرز کے خلاف مہم تیز کر دی ہے، اور خارجہ امور میں اُن کی مہارت پر سوال اٹھائے ہیں، جب کہ گن کنٹرول کے معاملے پر مئوقف بدلتے رہنے کا الزام لگایا ہے۔

ہیلری کلنٹن نے آئیووا میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''میں سمجھتی ہوں کہ مجھے تجربہ، اور فیصلہ کرنے کی بہتر صلاحیت ہے، جب کہ میرا نصب العین واضح ہے، اور صدر اوباما کے دور سے مزید آگے لے جانے کی لگن موجود ہے''۔

XS
SM
MD
LG