ٹائم میگزین نے منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہتے ہوئے 2016 کی سب سے اہم شخصیت قرار دیا ہے کہ اس سال کے دوران انہوں نے اپنا اثر، چاہے وہ اچھا تھا یا برا، قائم رکھا۔
اس اعلان کے بعد ٹیلی ویژن چینل این بی سی ، کے پروگرام ’ٹوڈے‘ میں ٹیلی فون پر اپنے انٹرویو میں مسٹرٹرمپ نے اسے اپنے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت اہم رسالہ ہےاور یہ میری خوش قسمتی ہے کہ اس کے سرورق پر میری تصویر اس سال کئی بار شائع ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پچھلے مہینے ایک طویل انتخابي مہم کے بعد وہائٹ ہاؤس کی دوڑ جیتی تھی جس دوران انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ یہ عہدہ حاصل کرنے کے بعد وہ واشنگٹن ڈی سی کو ’ صاف' کریں گے اور ایک تبدیلی لائیں گے۔
ٹائم میگزین کی ایڈیٹر ننسی گبز نے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ یہ تعین کرنا مشکل ہے کہ سیاسی میدان کو ٹرمپ کے کس سطح تک تہہ و بالا کیا لیکن انہوں نے اپنے قارئین کو یاد دلایا کہ ٹائم کے ایڈیٹروں نے ’ اس سال کی سب سے اہم شخصیت‘ کے لیے ایک ایسے شخص کو منتخب کیا جو سب سے زیادہ خبروں پر چھایا رہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ مقابلہ جیت کرہلری کلنٹن سمیت دس افراد کو شکست دی جن کے نام اس ایوارڈ کے لیے چنے گئے تھے۔ ہلری اس مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہیں۔
پچھلے سال ٹائم میگزین کا یہ ایوارڈ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے جیتا تھا جب کہ ٹرمپ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔