امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کی موجودگی میں شمالی کوریا کا کوئی اقتصادی مستقبل نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع نے جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ جوہری مشقیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر نے کنزرویٹو پولیٹکل ایکشن کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ’ شمالی کوریا اگر معاہدہ کر لیتا ہے تو اُس کا اقتصادی مستقبل غیر معمولی ہو گا لیکن اگر اس نے جوہری ہتھیار رکھے تو اُس کا کوئی بھی اقتصادی مسقبل نہیں ہو گا۔‘
انھوں نے شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کہا کہ یہ ’بہت مضبوط‘ ہیں۔
دوسری جانب پینٹاگون کے سربراہ نے جنوبی کوریائی ہم منصب سے بات کی ہے اور دونوں ملک عسکری تربیتی پرواگرم تبدیل کرنے پر متفق ہیں۔
امریکہ اور جنوبی کوریا نے چار مارچ سے بارہ مارچ تک مشترکہ عسکری مشقیں کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ’دونوں اتحادی اس بات پر متفق ہیں کہ تربیتی مشقوں کو منسوخ کرنا اُن کی جانب سے تناؤ میں کمی کی خواہش اور کوریائی جزیرے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی سفارتی کوششوں کی حمایت ہے۔‘
جنوبی کوریا کی افواج نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں موسمِ بہار کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دونوں ملکوں کے مابین فوجی مشقیں ختم کرنے کا اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ ختم ہوا ہے۔
شمالی کوریا اور امریکہ کے مابین بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے امریکہ اور جنوبی کوریا نے گذشتہ سال جون سے کئی مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کی ہیں۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے مابین مذاکرات کا دوسرا دور ویتنام میں ہوا تھا۔
گو کہ اس ملاقات میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام ختم کرنے پر جواب میں اُس پر عائد پابندیاں ہٹانے کے بارے کوئی معاہدے طے نہیں پایا لیکن امریکہ اور شمالی کوریا نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
بعض مبصرین اس حالیہ ملاقات کو صدر ٹرمپ کی کامیابی قرار دیتے ہیں جبکہ بعض تجزیہ کار صدر ٹرمپ کی کم جونگ اُن کی قائدانہ صلاحیت کی تعریف کرنے پر تنقید کر رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس 20 سے 60 جوہری ہتھیار ہیں جو کہ امریکہ کے لئے خطرہ ہیں۔
شمالی کوریا نے 2017ء کے آغاز میں بین البراعظمی میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور اُ س کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
امریکہ اور اقوام متحدہ نے بین البراعظمی میزائل کے تجربوں کے بعد شمالی کوریا پر اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں۔