ترک ذرائع ابلاغ نے پیر کے روز اطلاع دی ہے کہ تین لبنانی نژاد افراد جِن کا مبینہ طور پر داعش سےتعلق ہے، اور جرمن کرسمس مارکیٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث بتائے جاتے ہیں، اُنھیں یورپ جاتے ہوئے ترکی کے ایک ہوائی اڈے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ترک روزنامہ، ’ملت‘ نے کہا ہے کہ یہ مشتبہ افراد لبنانی نژاد جرمن شہری ہیں، جنھیں انسداد دہشت گردی پر مامور پولیس نے استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے سے گرفتار کیا، جس سے قبل حکام کو ’’خفیہ رپورٹ‘‘ ملی تھی کہ یہ افراد دہشت گردی کے کسی منصوبے پر یورپ روانہ ہو رہے ہیں۔
اطلاعات میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی آیا اُن کا انیس عمری سے کس طرح تعلق بنتا ہے، جس نے 19 دسمبر کو برلن کی ایک مارکیٹ پر ٹرک چڑھا دیا تھا، جس واقع میں 12 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
میلان کی جانب بھاگ نکلنے کی کوشش کے دوران، عمری کو چار روز بعد اطالوی پولیس نے گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔
اِن گرفتاریوں سے ایک ہفتہ قبل، ترک پولیس نے ازمیر میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا، جس کے لیے بتایا گیا کہ اُسی نے برلن مارکیٹ پر حملے کے احکامات دیے تھے۔