ترک صدر رجب طیب اردوان نے منگل کے روز متنبہ کیا کہ اگر یورپی ملکوں نے ترک شہریوں کو ویزا کے بغیر سفر کی اجازت نہیں دی، تو ترکی یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے کلیدی سمجھوتے پر عمل درآمد بند کردے گا، جس میں ہجرت کرنے والوں کو از سر نو داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔
اردوان نے یہ بات استنبول میں اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی بنیادوں پر منعقدہ اجلاس کے اختتام پر خطاب میں کہی۔ اُنھوں نے شام اور عراق سے مغربی یورپی ملکوں تک پھیلے ہوئے مہاجرین کے سنگین بحران سے نبردآزما ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔
اردوان نے کہا کہ اگر ویزا کا استثنیٰ نہیں دیا جاتا ’’تو پھر، جمہوریہٴ ترکی کی پارلیمنٹ از سر نو داخلے سے متعلق سمجھوتے کے دارہٴ کار کا کوئی بھی فیصلہ یا قانون مسترد کرنے کا حق رکھتی ہے‘‘۔
اردوان کا یہ سخت انتباہ ترکی اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی غماز ہے، جو تب پیدا ہوا جب یورپی رہنماؤں نے مارچ میں ایک منصوبہ شروع کیا، جس کے ذریعے ترکی سے تارکین وطن کے مغرب آنے کی رفتار کو محدود کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
معاہدے کے تحت، یورپ نے ترکی کو تقریباً سات ارب ڈالر کی امداد دینے پر اتفاق کیا، تاکہ یونان سے زبردستی ترکی واپس بھیجے جانے والے تارکین وطن کو ترکی قبول کرے۔
ترکی نے اس سمجھوتے کو ویزا کے بغیر سفر کی سہولت سے منسلک کیا، جب کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے رہنماؤں نے ترکی کی جانب سے انسانی حقوق کے معاملے پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ ترکی کی سرزمین پر قدم رکھنے والے تارکینِ وطن کو سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔