رسائی کے لنکس

ترکی آذربائیجان گیس پائپ لائن مکمل، 16 ارب مکعب میٹر گیس فراہم ہو گی


ترکی اور آذربائیجان کے صدور رجب طیب اردوان اور الہام علیوف گیس پائپ لائن پراجیکٹ ٹی اے این اے پی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو
ترکی اور آذربائیجان کے صدور رجب طیب اردوان اور الہام علیوف گیس پائپ لائن پراجیکٹ ٹی اے این اے پی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

ترکی اور آذربائیجان نے ہفتے کے روز کہا کہ انہوں نے ٹرانس اناطولین گیس پائپ لائن، یعنی 'ٹی اے این اے پی' کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔

اس گیس پائپ لائن کی تعمیر سے روس سے حاصل ہونے والی گیس پر یورپ کا انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی اور یہ توانائی سے متعلق روس پر انحصار گھٹانے کے لیے ایک اہم پراجیکٹ ہے۔

'ٹی اے این اے پی' قدرتی گیس کی ترسیل کی 40 ارب ڈالر مالیت کی ایک طویل جنوبی راہداری ہے۔ اس منصوبے کے تحت کئی گیس پائپ لائنز کو آپس میں ملایا گیا ہے، جس کے بعد آذربائیجان کے شاہ دنیز ٹو گیس فیلڈ سے یورپ کو گیس کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔

'ٹی اے این اے پی' پائپ لائن ترکی کے اندر مشرق سے مغرب ایک طویل علاقے سے گزرتی ہے اور اس کے ذریعے آذربائیجان سے سالانہ 16 ارب مکعب میٹر گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔

اس پائپ لائن کے ذریعے 10 ارب مکعب میٹر گیس یورپ کو فراہم کی جائے گی جب کہ 6 ارب مکعب میٹر گیس ترکی میں استعمال ہو گی۔

مزید سرمایہ کاری کے ذریعے پائپ لائن کی گنجائش میں 31 فی صد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

گیس پائپ لائن کی افتتاحی تقریب ہفتے کے روز یونان کی سرحد پر واقع ترکی کے قصبے اپسالا میں ہوئی، جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے سربراہ الہام علیوف نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ یہ گیس پائپ لائن ترکی کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی سے متعلق یورپ کی سیکیورٹی کی بھی ضامن ہے۔

یہ گیس پائپ لائن ٹرانس اڈریاٹک پائپ لائن سے مل جائے گی جس سے یونان، البانیہ اور اٹلی کو سالانہ 10 ارب مکعب فٹ گیس فراہم کی جا سکے گی۔ صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2020 میں مکمل ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG