رسائی کے لنکس

مظاہرے فوراً ختم کیے جائیں، ترک وزیرِاعظم


وزیراعظم رجب طیب اردوان
وزیراعظم رجب طیب اردوان

ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان نے کہا کہ اس ملک میں کسی کو غیر قانونی رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوان نے حکومت مخالف مظاہرے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شمالی افریقہ کے اپنے دورے سے واپسی پر استنبول کے ہوائی اڈے پر اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب میں اُنھوں نے حکومت مخالف مظاہروں کو غیر قانونی قرار دیا۔

اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہوئے اپنے حامیوں سے خطاب میں رجب طیب اردوان نے کہا کہ اس ملک میں کسی کو غیر قانونی رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ’’کسی کو شہروں میں املاک کو تباہ کرنے اور لوگوں کو زخمی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘‘

مظاہرین نے استنبول اور انقرہ میں احتجاج جاری رکھا ہوا ہے اور وزیراعظم اردوان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

استنبول کے تقسیم چوک کے ایک تاریخی باغ کہ جگہ تجارتی تعمیرات کے خلاف یہ مظاہرے شروع ہوئے تھے جو بعد میں دوسرے علاقوں تک پھیل گئے۔

وزیراعظم اب تک اس منصوبے پر عمل درآمد روکنے کے مطالبات کو رد کرتے آئے ہیں۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اورپانی کی تیز دھاروں کا بھی استعمال کیا۔ اب تک ہونے والی جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے جب کہ بڑی تعداد میں مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

حکومت نے طاقت کے استعمال پر ’معافی‘ مانگی تھی، لیکن مظاہرین اُن تمام افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جنہیں مظاہروں کے دوران حراست میں لینے بعد جیل بھیجا گیا۔
XS
SM
MD
LG