ٹوئٹر نےشفافیت اور نفاذ سے متعلق اپڈیٹ رپورٹ پر مبنی ایک بلاگ اپنی ویب سائٹ پر شائع کیا جس میں یکم جنوری سے 30 جون 2021 کے درمیانی عرصے کے دوران ان تمام اکاؤنٹس اور خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا جن پر ٹوئٹر نے کارروائی کی تھی۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم کے استعمال میں اہم رجحانات اور تبدیلیوں اور غلط استعمال کو بھی نمایاں کیا گیا۔
اس رپورٹ میں کچھ دلچسپ رجحانات بھی دیکھنے میں آئے، جیسا کہ ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اسے مختلف حکومتوں کی جانب سے اس عرصے میں مواد ہٹانے کے لیے ریکارڈ 43,387 مطالبات موصول ہوئے، جس سے تقریباً 196,878 اکاؤنٹس متاثر ہوئے۔
ٹوئٹر کی طرف سے اس بلاگ پوسٹ کی وضاحت یوں کی گئی ہے:
" ہمیں شدید چیلنجوں کا سامنا ہے کیونکہ دنیا بھر کی حکومتیں تیزی سے مداخلت کرنے اور مواد کو ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ رازداری اور آزادی اظہار کے لیے یہ ایک خطرہ اورتشویشناک رجحان ہے جس پر ہمیں پوری توجہ دینے کی ضرورت ہے''۔
ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے لیے اپنی حکومتوں کی طرف سے کی گئی درخواستوں سے آگاہ ہونا بہت ضروری ہے۔
اس پوری مدت کے دوران، ٹوئٹر نے بتایا کہ انھیں حکومتوں کی جانب سے مختلف اکاؤنٹس کی معلومات کے لیے درخواستیں موصول ہوتی رہیں۔ ٹوئٹر نے معلومات کو ظاہر کرنے کے لیے ان کی پالیسی کے مطابق 64 فیصد درخواستوں کے جواب میں معلومات کو جزوی طور پر ظاہر کیا یا بالکل نہیں کیا۔
ٹوئٹر کی اس پوسٹ کے مطابق قانونی مطالبات کے کل عالمی حجم میں سے، 95% صرف پانچ ممالک سے آئے ہیں : سب سے زیادہ جنوبی کوریا، پھر بھارت، ترکی، روس اور جاپان۔
اس کے علاوہ، خود ٹوئٹر نے دنیا بھر سے ایسے اکاؤنٹ ہولڈرز کو، جنہوں نے اس عرصے میں ٹوئٹر کے قواعد کی خلاف ورزی کی، 4.7 ملین ٹویٹس کو ہٹانے پر بھی مجبور کیا۔ یہ بھی ایک ریکارڈ نمبر ہے۔
ٹوئٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے بچوں کے جنسی استحصال کی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر 453,754 اکاؤنٹس کو مستقل طور پر معطل کر دیا ۔ ٹوئٹر نے دہشت گردی اور پرتشدد تنظیموں کے فروغ کو روکنے کے لیے 44,974 اکاؤنٹس کو بھی معطل کیا۔
ٹوئٹر نے مزید بتایا کہ امریکہ اس عرصے میں 3,026 درخواستوں کے ساتھ سرکاری معلومات کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ رہا۔
ٹوئٹر کو 2014 سے اب تک 35 مختلف ممالک سے غیر سرکاری معلومات کی درخواستیں بھی موصول ہوئی ہیں، جن میں ارجنٹائن ، اسرائیل اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، جو اس رپورٹ میں پہلی بار سامنے آئے ہیں۔ اس سے پہلے جب غیر سرکاری درخواستوں کی بات آتی تھی تو جاپان، برازیل اور امریکہ سب سے زیادہ مطالبات پیش کرنے والے ممالک ہوا کرتے تھے۔