رسائی کے لنکس

ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی نے سی ای او کا عہدہ چھوڑ دیا


جیک ڈورسی ۔ ٹوئیٹر کے سبکدوش ہونے والے سی ای او
جیک ڈورسی ۔ ٹوئیٹر کے سبکدوش ہونے والے سی ای او

ٹوئٹر کے بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او)، جیک ڈورسی ادارے کے سربراہ کے طور پر عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ایک اخباری بیان میں ٹوئٹر نے کہا ہے کہ ڈورسی کی جگہ اب پراگ اگروال لیں گے، جو سال 2017ء سے ادارے کے چیف ٹیکنالوجی افسر رہے ہیں۔ یہ تبدیلی فی الفور نافذ العمل ہوگی۔

ایک بیان میں ڈورسی نے کہا ہے کہ ''میں نے خود ٹوئٹر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے''۔

انھوں نے کہا کہ ''ٹوئٹر کے سی ای او کے طور پر میرا پراگ پر پورا اعتماد ہے۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران انھوں نے ادارے کے لیے قابل قدر کام کیا ہے۔ میں تہہ دل سے ان کی مہارت، ان کی صلاحیتوں اور کشادہ دلی کا معترف ہوں۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ ادارے کی قیادت کا کردار ادا کریں''۔

ڈورسی نے پیر کے روز ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے ایک خط کا متن درج کیا ہے جس سے اس بات کی وضاحت ہوتی ہے کہ وہ ادارہ کیوں چھوڑ رہے ہیں۔

بقول ان کے، ''مجھے نہیں معلوم کہ کسی کے کانوں پر یہ بات پڑی ہے، لیکن میں ٹوئٹر سے مستعفی ہوگیا ہوں''۔

پینتالیس سالہ ڈورسی نے اس 'مائیکرو بلاگنگ' پلیٹ فارم کی بنیاد 2006ء میں رکھی۔ وہ 2008ء تک اس ادارے کے سی ای او رہے، جب انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ بعدازاں وہ سال 2015ء میں ایک بار پھر اس اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوئے۔

گزشتہ سال، ادارےکی ایک اہم حصہ دارے کمپنی، 'الیوٹ منیجمنٹ' اس بات کی خواہاں تھی کہ ڈورسی ٹوئٹر یا پھر اسکوائر کے سی ای کے فرائض انجام دیں۔ اسکوائر ایک ڈیجیٹل ادارہ ہے، جسے انھوں نے ہی قائم کیا تھا۔

یہ خبر عام ہونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں ٹوئٹر کے شیئر میں اضافہ ہوا، لیکن ساتھ ہی بازار حصص میں اس کی تجارت روک دی گئی۔

واضح ہو کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے اعلیٰ ترین عہدوں کی اہم ذمہ داریاں بھارتی نژاد ماہرین کے پاس ہیں۔

اس سے قبل مائیکروسافٹ کے سربراہ کے طور پر ستیہ نندیلا نے اسٹیو بالمر کی جگہ عہدہ سنبھالا تھا؛ لیری پیج کی جگہ سندر پچائی گوگل کے سربراہ بنے، اور اب جیک ڈورسی کی جگہ پراگ اگروال ٹوئٹر کی سربراہی سنبھال رہے ہیں۔

ساتھ ہی، ایڈوبی، آئی بی ایم اور پالو آلٹو نیٹ ورکس کے سربراہان کا تعلق بھی بھارت سے ہے۔

[اس خبر میں شامل معلومات کا مواد خبر رساں اداروں ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز سے لیا گیا ہے]

XS
SM
MD
LG