رسائی کے لنکس

قاہرہ: سیاحتی مرکز میں دھماکے سے تین پولیس اہلکار ہلاک


خان الخلیلی بازار کے اس مقام پر لوگ جمع ہیں جہاں دھماکہ ہوا۔
خان الخلیلی بازار کے اس مقام پر لوگ جمع ہیں جہاں دھماکہ ہوا۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے ایک معروف سیاحتی مرکز میں ہونے والے دھماکے میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور دو اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

مصر کی وزارتِ داخلہ کے مطابق واقعہ پیر کو خان الخلیلی نامی بازار میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔

حکام کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزم کا پولیس تعاقب کر رہی تھی کہ اس دوران اس کے پاس موجود دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے وہ خود اور موقع پر موجود تین پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ afrad زخمی ہو گئے۔

واقعہ جس علاقے میں پیش آیا وہ قاہرہ کے قدیم ضلعے میں واقع معروف تاریخی مسجد الاظہر کے نزدیک ہے جو غیر ملکی سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے کے پانچ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک کا تعلق تھائی لینڈ سے ہے۔

حملہ آور کی شناخت 37 سالہ الحسن عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ مارے جانے والے ملزم نے ہی قاہرہ کے نواح میں جمعے کو برآمد ہونے والا ایک دیسی ساختہ بم نصب کیا تھا جو ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران پھٹ گیا تھا۔ واقعے میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے مصر کی سیکورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے جس کا زیادہ تر زور اسرائیل سے متصل سینا کے علاقے میں ہے جہاں داعش اور دیگر شدت پسندوں کے جنگجو سرگرم ہیں۔

سرکاری اخبار 'الحرم' کے مطابق پیر کو بھی شمالی سینا کے شہر آرش میں مصری سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان دو علیحدہ جھڑپوں میں 16 مشتبہ عسکریت پسند مارے گئے۔

XS
SM
MD
LG