رسائی کے لنکس

یوکرین: باغیوں نے فوجی طیارہ مار گرایا، 49 ہلاک


فوج کے ترجمان نے ہفتہ کو بتایا کہ مشرقی شہر لوہانسک کے ہوائی اڈے کے قریب روس نواز علیحدگی پسندوں نے طیارے پر فائرنگ کر کے اس گرایا۔

یوکرین کا ایک مال بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا اور حکام کے مطابق اس پر سوار فوجیوں سمیت 49 ہلاک ہو گئے۔

یوکرین کی فوج کے ترجمان نے ہفتہ کو بتایا کہ جمعہ کو رات دیر گئے مشرقی شہر لوہانسک کے ہوائی اڈے کے قریب روس نواز علیحدگی پسندوں نے طیارے پر فائرنگ کر کے اس گرایا۔

وزارت دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ " 13 اور 14 جون کی درمیانی رات دہشت گردوں نے مال بردار فوجی جہاز پر طیارہ شکن اور بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ اس وقت طیارہ ایئرپورٹ پر اترنے والا تھا۔"

یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر کا کہنا ہے کہ جہاز پر 40 فوجی اور عملے کے نو ارکان سوار تھے۔

صدر پیٹرو پوروشنکو نے اس معاملے پر مشاورت کے لیے محکمہ دفاع اور انٹیلی جنس کے سربراہاں کو طلب کیا ہے۔

صدر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مسٹر پوروشنکو کا کہنا تھا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تمام افراد کو سزا دی جائے ۔ "یوکرین کو امن کی ضرورت ہے۔ تاہم دہشت گردوں کا اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔"

پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت چلایا جائے گا۔

یوکرین کو اپنے مشرقی علاقے میں روس نواز علیحدگی پسندوں کی طرف سے مسلح مزاحمت کا سامنا ہے اور یہاں گزشتہ ماہ کیئف کی سکیورٹی فورسز نے باغیوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کی تھی۔

یوکرین کے نو منتخب صدر پیٹرو پوروشنکو یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ مشرقی علاقے میں امن و امان کے لیے وہاں 'اپنے ہم وطنوں' سے بات چیت کریں گے۔
XS
SM
MD
LG