عمر اکمل کی خراب فٹنس کے باعث حارث سہیل کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
توقع ہے کہ وہ ہفتے کو بنگلادیش کے خلاف ’وارم اپ میچ‘ سے قبل ٹیم جوائن کر لیں گے۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے حارث سہیل نے مئی 2015ء میں زمبابوے کے خلاف لاہور میں پاکستان کی طرف سے آخری میچ کھیلا تھا، جس میں انہوں نے نا قابلِ شکست 52 رنز بنائے تھے۔
ٹیم مینجمنٹ نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہ کرنے کے باعث عمر اکمل کو لندن سے وطن واپس بلا لیا تھا۔
حارث سہیل نے جولائی 2013ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا، اس میچ میں انہوں نے 26 رنز اسکور کیے۔
حارث سہیل نے اب تک 22ون ڈے میچز کی 21 اننگز میں 43 کی اوسط اور 82 اعشاریہ 86 کے اسٹرائیک ریٹ سے 774 رنز بنائے ہیں، جس میں 7 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 89 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔
وہ لیفٹ آرم آرتھو ڈوکس بولر بھی ہیں اور اب تک 49 اعشاریہ 33 کی اوسط سے 9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کا اکانومی ریٹ 5 اعشاریہ 84 ہے۔
تبدیلی کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی اسکواڈ:
سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، اظہر علی، محمدحفیظ، بابر اعظم، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، فخر زمان، فہیم اشرف، محمد عامر، وہاب ریاض، جنیدخان، حسن علی اور شاداب خان۔