رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ کے سربراہ کا دورہ صومالیہ


اقوامِ متحدہ کے سربراہ کا دورہ صومالیہ
اقوامِ متحدہ کے سربراہ کا دورہ صومالیہ

اقومِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے عالمی ادارہ کی صومالی شاخ کے دفتر کو آئندہ مہینے صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مسٹر مون نے یہ اعلان جمعہ کو صومالیہ کے اپنے پہلے اور تاریخی دورے کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ عالمی ادارے کے کسی سربراہ کا 1993ء کے بعد صومالیہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔

دورے کے دوران عالمی ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ صومالیہ آنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں اور ان کے اس دورے کا مقصد صومالی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔

دارالحکومت میں صومالیہ کے صدر شیخ شریف احمد اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بان کی مون نے کہا کہ اقوامِ متحدہ آئندہ ماہ جنوری میں اپنی صومالیہ شاخ کے دفتر کو کینیا سے موغادیشو منتقل کردے گا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ صومالیہ اس بات کی علامت ہے کہ وہاں امن و امان کی صورتِ حال میں بہتری آرہی ہے اور شدت پسند تنظیم 'الشباب' کا اثرورسوخ کم ہورہا ہے۔

بان کی مون نے صومالیہ میں تعینات 'افریقی یونین' کے فوجی دستوں کی خدمات کو سراہا جن کی جانب سے اگست میں شروع کی گئی ایک بڑی کاروائی کےنتیجے میں 'الشباب' کے شدت پسندوں کو دارالحکومت سے پسپا ہونا پڑا تھا۔

تاہم نومبر سے اب تک موغادیشو میں لگ بھگ 15 بم دھماکے اور حملے ہوچکے ہیں جن کا الزام صومالی حکومت نے 'الشباب' پر عائد کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG