رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ میں بھی جارج فلائیڈ کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ


واشنگٹن ڈی سی میں جارج فلائیڈ کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت کے خلاف مظاہرہ۔ 6 جون 2020
واشنگٹن ڈی سی میں جارج فلائیڈ کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت کے خلاف مظاہرہ۔ 6 جون 2020

انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی کونسل میں نسل پرستی کے معاملے پر بحث و تمحیص کے دوران شرکا نے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ کے شہر منی ایپلس میں ایک سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی پولیس کی حراست میں موت کے سانحہ کی غیر جانب دارانہ تفتیش کی جائے۔ جنیوا میں منعقد ہونے والے کونسل کے اجلاس کی ابتدا میں نسلی انصاف کے شکار لوگوں کی یاد میں خاموشی اختیار کی گئی۔

بدھ کے دن اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے اس جانب توجہ دلائی کہ نسل پرستی کے واقعات کی محض مذمت سے صدیوں کی نا انصافی کا مداوا نہیں کیا جا سکتا۔ نیویارک سے اس ٹیلی کانفرنس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ یہ بحث اس پس منظر میں ہو رہی ہے جب دنیا بھر میں نسلی انصاف اور برابری کے مطالبے کے حق میں لوگ اپنی آواز بلند کررہے ہیں۔

ان کے الفاظ میں حالیہ مظاہروں کے پس پردہ جارج فلائیڈ کی پولیس کی ظالمانہ کاروائی کے نتیجے میں المناک موت کا واقعہ ہے۔ تاہم انھوں نے کہ حقیقت احوال یہ ہے کہ تشدد کا دائرہ سرحدوں کا پابند نہیں اور بدقسمتی سے اس نے دنیا کے بہت سے حصوں کا احاطہ کر رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں لوگ اس کے بارے میں ایک ساتھ آواز بلند کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ لوگوں کو ایک طویل عرصے سے جس اذیت کا سامنا ہے اس پر غور و فکر کی جائے۔

اسی دوران جنیوا میں انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر مشیل بیچلٹ نے جارج فلائیڈ کی افسوس ناک موت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کی کہ سانحہ نسلی پرستی کی علامت ہے جس سے، بقول ان کے، افریقی رنگ و نسل کے لاکھوں لوگوں کو سابقہ ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں لوگ اب نسلی امتیاز کی حقیقتوں کا اعتراف کر رہے ہیں اور برابری، انصاف، اور سبھوں کے لئے یکساں احترام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

جنیوا سے وائس آف امریکہ کے لئے نامہ نگار لیزا شیلائین نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے جارج فلائیڈ کے بھائی نے بھی ہیوسٹن سے ایک جذباتی خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ ان کے خاندان کے لئے جارج کی زندگی کے آخری لمحات کی تصویر بڑی کرب ناک تھی۔ انھوں نے جذبات سے لبریز آواز میں کہا کہ اقوام متحدہ میں آپ کی حیثیت ہمارے خاندان کے لئے بھائیوں اور بہنوں جیسی ہے، اور آپ کے پاس اس بات کا اختیار ہے کہ ہمیں انصاف دلانے میں مدد کریں اور ہمارے دکھوں کا مداوا کریں۔ ہم آپ سے مدد چاہتے ہیں۔ ہم اس بات کے متمنی ہیں کہ آپ ہماری یعنی امریکہ میں سیاہ فاموں کی مدد کریں۔

کونسل میں بحث سے پہلے، جنیوا میں اقوام متحدہ میں امریکہ کے سفیر اینڈریو بریم برگ نے ایک بیان میں اعادہ کیا کہ واشنگٹن نے نسلی امتیاز کے مسئلے اور اس سے پیدا ہونے والی ناانصافیوں سے نمٹنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انھوں نے اس جانب توجہ مبذول کرائی کہ صدر ٹرمپ نے اس واقعہ میں ملوث پولیس والوں کی ظالمانہ کاروائیوں کی مذمت کی ہے، اور پولیس اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔

مبصرین کے مطابق اب دیکھنا یہ ہے کہ فلائیڈ کی ہلاکت کے المیہ کے بعد نسلی مساوات کے لئے جو آوازیں ایک مرتبہ پھر بلند کی جا رہی ہیں، وہ کیا رنگ دکھاتی ہیں اور صدیوں کے زخم کو مندمل کرنے میں کہاں تک کارگر ہوتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG