رسائی کے لنکس

امریکہ: نسلی امتیاز کے خلاف اور پولیس اصلاحات کے لیے مظاہرے جاری


نسلی امتیاز کے خلاف ہالی وڈ میں ایل جی بی ٹی کیو کا مظاہرہ۔ 14 جون 2020
نسلی امتیاز کے خلاف ہالی وڈ میں ایل جی بی ٹی کیو کا مظاہرہ۔ 14 جون 2020

اٹلانٹا میں سیاہ فام امریکی کی ہلاکت کے بعد اتوار کو امریکہ کے بڑے شہروں میں مظاہرے ہوئے اور آج پیر کو بھی پولیس اصلاحات کے حق میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ مظاہرے کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن، اٹلانٹا اور دیگر شہروں میں مظاہرے آج بھی جاری رہیں گے۔

پولیس کے مظالم اور نسلی امتیاز کے خلاف اور پولیس اصلاحات کے حق میں پیر کو بھی امریکہ کے بعض شہروں میں مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی۔

یہ مظاہرے تین ہفتے قبل پولیس کی تحویل میں ایک سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے۔ نسلی امتیاز کے خالف مظاہرے نہ صرف پورے ملک میں پھیلے بلکہ اس کی بازگشت پوری دنیا میں سنائی دی۔ اس کے بعد جمعہ کو اٹلانٹا میں ایک اور سیاہ فام امریکی رے شارڈ بروکس پولیس کی شوٹنگ سے ہلاک ہو گیا۔

پیر کے لیے اٹلانٹا اور واشنگٹن میں بڑے مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

آج پیر کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بدھ کے اجلاس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے پولیس کے اختیارات کے بے دریغ استعمال اور پر امن احتجاج کے بارے میں فوری بحث کی جائے گی۔

ادھر سیاٹل میں پولیس کی سربراہ نے سی بی ایس ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے جس حصے پر پرامن احتجاج کرنے والوں نے قبضہ کیا ہے، اسے پولیس پرامن طریقے واگذار کرا لے گی۔ مظاہرین نے شہر کے چار بلاکوں پر قبضہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے علاقے کو پولیس سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس ہفتے اور اتوار کو بھی دنیا کے مختلف حصوں میں نسلی امتیاز کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

برلن میں مظاہرین نے 9 میل لمبی انسانوں کی زنجیر بنائی۔ پیرس میں پولیس نے احتجاج کیا کہ ان پر نسل پرستی اور مظالم کے بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

برطانیہ میں بھی مظاہرے ہوئے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ نسلی امتیاز کے نام پر غنڈہ گردی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ لندن میں پرتشدد کارروائیوں کا ذمہ دار دائیں بازو کا دھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے چابک دستی کے ساتھ ان پر قابو پا لیا ہے۔

اتوار کے روز ٹوکیو میں بھی نسل پرستی کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کے مظاہروں میں لوگوں نے گھٹنے بل بیٹھ کر جارج فلائیڈ کی یاد میں خاموشی اختیار کی۔

XS
SM
MD
LG