رسائی کے لنکس

عالمی پارلیمانی سربراہ اجلاس، پاکستانی وفد کی شرکت


قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر نے منگل کو کانفرنس میں خطاب کے دوران پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لئے پارلیمنٹ کے کردار پر اپنا مقالہ پیش کیا، جس میں اُنھوں نے بتایا کہ کس طرح پارلیمان اتفاق رائے سے قانون سازی کرکے ملک بھر میں اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ بن رہی ہے

قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر، مرتضیٰ جاوید عباسی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمان کا ایک 14 رکنی وفد اقوام متحدہ کے عالمی پارلیمانی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچ گیا ہے۔

’امن اور پائیدار ترقی کی جمہوری خدمت اور لوگوں کی خواہش کے مطابق دنیا کی تعمیر‘ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کا آغاز پیر کے روز ہوا، جس سربراہ اجلاس کی کارروائی میں پاکستانی وفد شریک ہے۔

قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر نے منگل کو کانفرنس میں خطاب کے دوران پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لئے پارلیمنٹ کے کردار پر اپنا مقالہ پیش کیا، جس میں اُنھوں نے بتایا کہ کس طرح پارلیمان اتفاق رائے سے قانون سازی کرکے ملک بھر میں اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ بن رہی ہے۔

بعد میں سمٹ کے مختلف ورکنگ سیشن ہوں گے، جن میں اراکین اسمبلی امن و ترقی کے لئے جموریت کے موضوع پر مباحثے میں شریک ہوں گے۔

سمٹ کے دوران، یونیسکو کے سربراہ برائے امن، فارسٹ واٹکر کا کلیدی خطاب ہوگا، جس میں وہ اقوام متحدہ کے ایجنڈا برائے پوسٹ 2015ء ترقی میں پارلیمانی کردار پر تبادلہٴخیال ہوگا۔

یہ عالمی فورم دنیا بھر کی پارلیمانی شخصیات کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کا موقع فراہم کرتا ہے، جس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جاتا ہے بدھ کو سمٹ کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں دنیا بھر میں امن و پائیدار ترقی کے لئے ٹھوس تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔

پاکستان کے اس کثیر الجماعتی پارلیمانی وفد میں سنیٹر اعتزاز احسن، آغا شہباز خان درانی، زاہد حامد، جنید انور چوہدری، محمد شہباز بابر، آفتاب شعبان میرانی، شہزادی عمرزادی ٹوانہ اور ارشد خان لغاری شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG