بھارت کے کرکٹر روہت شرما فٹ ہیں یا ان فٹ، یہ معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔ ایک جانب انہیں کرکٹ بورڈ نے دورۂ آسٹریلیا کے لیے ان فٹ قرار دے کر باہر کر دیا تھا۔ تو دوسری جانب روہت شرما نے انڈین پریمیئر لیگ کا میچ کھیل کر خود کو فٹ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔
وہ 27 نومبر سے شروع ہونے والے دورۂ آسٹریلیا کے لیے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ان فٹ قرار دیے گئے تھے۔ لیکن اس کے باوجود انہوں نے منگل کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف شارجہ میں ہونے والا میچ کھیلا۔ حالاں کہ ان کی ٹیم ممبئی انڈینز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔
وہ آئی پی ایل کے دوران کنگز الیون پنجاب کے خلاف کھیلتے ہوئے ہیمسٹرنگ انرجی کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے فرنچائز کے چار میچز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ان کی میدان میں واپسی سے انجری کا معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔
بھارت کی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں آسٹریلیا سے چار ٹیسٹ، تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلنے آسٹریلیا روانہ ہو گی۔ اس دورے میں روہت شرما کو انجری کی وجہ سے شامل نہیں کیا گیا تھا۔
'رائٹرز' کے مطابق ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما کی سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میچ میں واپسی حیرت سے کم نہیں ہے۔ کیوں کہ ان کی ٹیم پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔
روہت شرما ٹاس کے لیے آئے تو انہوں نے یہ کہہ کر سب کو حیرت میں ڈال دیا کہ وہ بالکل فٹ ہیں۔
میچ کے بعد روہت شرما نے انکشاف کیا کہ ان کی ہیمسٹرنگ انجری ٹھیک ہو گئی ہے۔ لہذا وہ آئی پی ایل کے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے باقی میچز کھیلنے کے منتظر ہیں۔
ادھر میچ سے کئی گھنٹے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سورو گنگولی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ روہت شرما ہیمسٹرنگ کی انجری سے جلد صحت یابی ہو جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر روہت شرما بر وقت صحت یاب ہو گئے تو انہیں ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کی کوئی وجہ نہیں۔
روہت شرما کا خود کو فٹ قرار دینے اور بورڈ کی جانب سے انہیں دورۂ آسٹریلیا سے باہر کیے جانے کا معاملہ کس کروٹ بیٹھے گا۔ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ روہت شرما کے سن رائزر کے خلاف میچ کھیلنے معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔