رسائی کے لنکس

امریکہ کرونا ویکسین کی مزید 20 کروڑ خوراکیں خریدے گا: صدر بائیڈن


امریکہ کے صدر جو بائیڈن نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کرونا وبا سے بچاؤ کی مزید 20 کروڑ خوراکیں خریدے گا تاکہ موسمِ خزاں سے قبل ملک کی 30 کروڑ آبادی کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل ہو سکے۔

امریکہ نے 'فائزر' اور 'موڈرنا' ویکسینز کی 10، 10 کروڑ خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جن کی ترسیل کا عمل موسمِ گرما کے اختتام یا خزاں کے آغاز میں مکمل ہو جائے گا۔

منگل کو نیوز کانفرنس کے دوران بائیڈن کا کہنا تھا کہ اس وبا کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ ویکسین کے نئے آرڈر کے بعد امریکہ مجموعی طور پر وائرس سے بچاؤ کی 60 کروڑ خوراکیں حاصل کر لے گا۔

بائیڈن کے بقول "یہ خوراکیں ابھی امریکہ کے پاس نہیں پہنچیں، لیکن ہم اُمید کرتے ہیں کہ موسمِ گرما کے دوران یہ موصول ہو جائیں گی۔"

بائیڈن انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ دستیاب خوراکوں کی ریاستوں میں ترسیل میں تیزی لائیں گے تاکہ آئندہ تین ہفتوں کے دوران ویکسی نیشن میں اضافہ ہو سکے۔

سمپلی امریکہ: کیا امریکہ میں ویکسین مفت لگائی جائے گی؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:26 0:00

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اُن کی انتظامیہ آئندہ ہفتے ریاستوں کو 86 لاکھ کے بجائے ایک کروڑ سے زائد خوراکوں کی ترسیل یقینی بنائے گی جب کہ ریاستوں کو ویکسی نیشن کا عمل مزید منظم کرنے کے لیے ماہرین کی خدمات بھی دی جائیں گی۔

امریکی صدر کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 21 لاکھ سے زائد افراد اس مہلک وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد کیسز جب کہ چار لاکھ 24 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

بیس جنوری کو صدارت کا حلف اُٹھانے والے بائیڈن نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ ابتدائی 100 روز میں 10 کروڑ امریکیوں کی ویکسی نیشن یقینی بنائیں گے۔

اسی اثنا میں امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس کو بھی کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دوسری ڈوز لگا دی گئی۔

ویکسین سے متعلق تحفظات دُور کرنے کے لیے بائیڈن اور ہیرس کی ویکسی نیشن کا عمل براہِ راست نشر کیا گیا تھا۔

بائیڈن کو حلف برداری سے قبل وائرس سے بچاؤ کی دوسری ڈوز لگائی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG