رواں برس چند بڑی بالی وڈ فلمیں سنیما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار ہیں جن میں مشہور ترین فلموں کے سیکوئل بھی شامل ہیں۔البتہ شائقین کو بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار ہوتا ہے۔
اس سال شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' اور سلمان خان کی فلم 'ٹائیگر تھری' ریلیز کی جائے گی۔
اس کے علاوہ حال ہی میں اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم 'راکی اور رانی کی پریم کہانی' کی ریلیز کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
سال 2023 میں کون کون سی بڑی فلمیں سنیما گھروں میں پیش کی جائیں گی؟ چلیں جانتے ہیں۔
1۔ راکی اور رانی کی پریم کہانی
'کچھ کچھ ہوتا ہے' اور 'کبھی خوشی کبھی غم' کے ہدایت کار کرن جوہر کی فلم 'راکی اور رانی کی پریم کہانی' آئندہ ماہ یعنی 28 جولائی کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
اس فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ ایک ساتھ نظر آئیں گے جو اس سے قبل فلم 'گلی بوائے' میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔
فیملی ڈرامہ فلم کی کہانی راکی (رنویر) اور رانی (عالیہ) کی لو اسٹوری کے گرد گھومتی ہے۔
اس کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکارہ جیا بچن، شبانہ عظمیٰ اور دھرمیندرہ بھی اداکاری کر رہے ہیں۔
2۔ فکرے تھری
بالی کی معروف فلم سیریز 'فکرے' کا تیسرا حصہ رواں برس ستمبر میں ریلیز کے لیے پیش کیا جائے گا۔
'فکرے تھری' کی ہدایات مرگدیپ سنگھ لامبا نے دی ہیں جب کہ اس کی کاسٹ پچھلی دو فلموں والی ہی ہے جس میں رچا چڈھا، پلکت سمراٹ، علی فضل اور پنکج تریپاٹھی شامل ہیں۔
یہ فلم سات ستمبر 2023 کے لیے شیڈول ہے جب کہ اسی روز شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔
3۔ جوان
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' سات ستمبر 2023 کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم 'جوان' کی ہدایات آٹلی کمار نے دی ہیں جب کہ اس میں اداکارہ نینتارا اور وجے سیتوپتھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گی۔
شاہ رخ خان اس سے قبل فلم 'پٹھان' میں نظر آئے تھے جو اب تک ایک ہزار کروڑ سے زائد بھارتی روپے کا بزنس کر چکی ہے۔
'جوان' کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جسے معاشرے میں ہونے والی غلطیوں کو دور کرنے کے لیے ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
4۔ ڈریم گرل ٹو
ایوشمان کھرانہ کی سن 2019 میں ریلیز فلم 'ڈریم گرل' کا سیکوئل رواں برس سنیما گھروں کی زینت بنے گا۔
فلم 25 اگست 2023 کو ریلیز کی جائے گی جس میں ایوشمان کھرانا کے ساتھ اداکارہ اننیا پانڈے اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
راج شاندلیا کی ہدایت کاری میں بننے والی کامیڈی ڈرامہ فلم کی کہانی ایک چھوٹے سے علاقے سے تعلق رکھنے والے لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے شہر میں زندگی گزارنے کی کوشش کرتا ہے اور اس دوران اسے پری (اننیا پانڈے) سے محبت ہو جاتی ہے۔
5۔ ٹائیگر تھری
بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کی مشہور فلم 'ٹائیگر' کا تیسرا حصہ روں برس سنیما گھروں میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔
ایکشن اور تھرل سے بھرپور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف اور عمران ہاشمی نظر آئیں گے۔
فلم کی ہدایات منیش چوپڑا نے دی ہیں جب کہ اسے ادتیا چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔
'ٹائیگر تھری' 11 نومبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔