رسائی کے لنکس

  ایران نے خلیج عمان میں ایک آئل ٹینکر پر قبضہ کرلیا ہے: امریکی بحریہ


امریکی بحریہ کا ایک جہاز اور کشتی آبنائے ہرمز سے گزر رہی ہے۔ 19 اپریل 2023
امریکی بحریہ کا ایک جہاز اور کشتی آبنائے ہرمز سے گزر رہی ہے۔ 19 اپریل 2023

امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ ایران نے جمعرات کو خلیج عمان کے بین الاقوامی پانیوں میں جزائر مارشل کےپرچم بردار ایک آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا ہے ۔ یہ 2019 سے خلیج کے حساس پانیوں میں کمرشل بحری جہازوں پر قبضوں یا حملوں کے ایک سلسلے میں تازہ ترین واقعہ ہے ۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے خلیج عمان میں مارشل آئی لینڈز کے ایک پرچم بردار آئل ٹینکر کے ایک ایرانی کشتی سے ٹکرانے کے بعد جس کے نتیجے میں عملے کے کئی ارکان زخمی ہو گئے، اس پر قبضہ کر لیا۔

فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی کے عملے کے دو ارکان لا پتہ ہیں اور کشتی کے بحری جہاز سے ٹکرانے کے باعث متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

بحری جہاز کے ڈیٹا پر نظر رکھنے والی کمپنی ری فنیٹیو کے مطابق امریکی بحریہ نےاس بحری جہاز کو ایڈ وانٹیج سویٹ کے طور پر شناخت کیا ہے جو ایک بڑا کروڈ آئل ٹینکر ہے جسے تیل کی بڑی کمپنی شیوراں چارٹر کرتی رہی ہے اور جو آخر ی بار کویت میں لنگر انداز ہوا تھا۔ جہاز کے ٹریکنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوا کہ اس کی منزل ہیوسٹن کی بندرگاہ یو ایس گلف آف میکسیکو کے طور پر درج کی گئی تھی۔

مارشل جزائر کے جہاز کی رجسٹریشن کرنےوالے ادارے نے بھی تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔

امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جہازوں کو مسلسل ہراساں کرنا اور علاقائی پانیوں میں بحری حقوق میں مداخلت بحری سیکیورٹی اور عالمی معیشت کے لیے ایک خطرہ ہے۔ اس نےمزید کہا کہ ایران نے پچھلے دو برسوں میں مشرقِ وسطیٰ میں کم از کم پانچ تجارتی جہازوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا ہے۔

امریکی بحریہ نے مزید کہا کہ صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے سمندری گشتی طیارہ پی۔8 بھیجنے کے بعد ہم یہ پتہ چلانے میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ یہ قبضہ ایرانی بحریہ نے کیا تھا۔ ایرانی عہدے داروں نے رائٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جوا ب نہیں دیا۔

ایک تجزیاتی کمپنی وارٹیکسا کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے لگ بھگ کل کروڈ آئل اور تیل کی مصنوعات کا تقریبا پانچواں حصہ آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے جو ایران اور عمان کے درمیان ایک تنگ راستہ ہے جس سے ایڈوانٹیج سویٹ گزرا تھا۔

میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ڈرائیڈ کے منرو اینڈرسن نے کہا ہے کہ اس وقت یہ فرض کیاجا سکتا ہے کہ ایران نے امریکہ کی جانب سے پچھلے ہفتے اپنا پہلا انسانو ں کے بغیربحری جہاز اس علاقے سے گزارنے کے رد عمل میں اپنی طاقت کے اظہار کے طور پر اس جہاز پر عارضی طور پر قبضہ کیا ہے۔ یا یہ ان پابندیوں کا رد عمل ہو سکتا ہے جو امریکہ نے ایران کی پاسداران انقلاب فورس سے منسلک عملے پر 24 اپریل کو نافذ کی تھیں ۔

امریکی بحریہ نے جس کا پانچواں بحری بیڑا خلیجی ریاست بحرین میں موجود ہے ، ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ کور سے ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑ دینےکا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی بحریہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بحری جہاز نےقبضےکےدورا ن مدد کی ایک اپیل جاری کی تھی ۔

انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے شپنگ ڈیٹا کے مطابق ایڈوانٹیج سویٹ بحری جہاز لیز پر دینےوالی چین کی ایک رجسٹرڈ کمپنی کی ملکیت ہے ، جو ایس پی ڈی بی ایف ایل نمبر 187 کہلاتی ہے ۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG