رسائی کے لنکس

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے 'دی مرزا ملک شو' کا پوسٹر جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی جوڑی کو آپ سب نے کئی انٹرویوز دیتے ہوئے تو ضرور دیکھا ہوگا لیکن اب دونوں میزبان کے طور پر نظر آنے والے ہیں۔

پاکستان کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'اردو فلکس' نے حال ہی میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے 'دی مرزا ملک شو' کا اعلان کیا ہے۔

اردو فلکس نے فی الحال شو کا پوسٹر شیئر کیا ہے جب کہ اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

'دی مرزا ملک' شو کے فارمیٹ کے حوالے سے زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ آیا اس شو میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا معروف شخصیات کا انٹرویو لیں گے یا یہ کوئی گیم شو ہے۔

'اردو فلکس' نے اس شو کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب پاکستانی سمیت بھارتی میڈیا میں بھی ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی علیحدگی کی افواہوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

اس کا آغاز ثانیہ مرزا کی کچھ انسٹاگرام اسٹوری اور پوسٹس کے بعد ہوا جب انہوں نے ٹوٹے دل سے متعلق ایک قرآنی آیت شیئر کی تھی۔

بعدازاں میڈیا پر جوڑے کی علیحدگی کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے ان افواہوں پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

تاہم 'دی مرزا ملک شو' کا پوسٹر آتے ہی کئی سوشل میڈیا صارفین نے اسے 'پبلک اسٹنٹ' قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ ساری خبریں صرف شو کی پبلسیٹی کے لیے تھیں۔

اس کے علاوہ کئی نے علیحدگی کی خبریں گردش کرنے کے بعد 'دی مرزا ملک شو' کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر اچھا لگا۔

یاد رہے کہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سن 2010 میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی تھی۔

ان کی شادی کی تقریب بھارت کے شہر حیدرآباد میں منعقد ہوئی تھی جب کہ ولیمہ پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ہوا تھا۔

جوڑے کے ہاں سن 2018 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام ازہان مرزا ملک ہے۔

XS
SM
MD
LG