رسائی کے لنکس

امریکی سفیر نے اپنی اسناد پاکستانی صدر کو پیش کر دیں


صدر ممنون حسین نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

امریکہ کے پاکستان کے لیے سفیر ڈیوڈ ہیل نے جمعرات کو اپنی سفارتی اسناد صدر پاکستان ممنون حسین کو پیش کیں۔ بعد ازاں ڈیوڈ ہیل نے پاکستانی صدر سے ملاقات بھی کی جس میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔

ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر ممنون حسین نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس لعنت کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے بین لااقوامی برادری سے تعاون کر رہا ہے۔

صدر ممنون نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اُن کے بقول آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائی جاری رہے گی۔

دوسری طرف اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق ڈیوڈ ہیل نے پاک۔امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور عوامی تعلقات بڑھانے، دوطرفہ سلامتی کے اشتراک کو مزید فروغ دینے اور 22 اکتوبر کو واشنگٹن میں صدر اوباما اور وزیراعظم نوازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پانے والے وسیع تر نصب العین کو آگے بڑھانے کے لیے صدر ممنون حسین، اپنے پاکستانی ہم منصبوں اور پاکستان کے عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس سے قبل پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے عہدے کی معیاد 17 نومبر کو مکمل ہو گئی تھی۔

گزشتہ ماہ ہی رچرڈ اولسن کو پاکستان اور افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا تھا، وہ ڈین فیلڈمین کی جگہ لیں گے، جن کے عہدے کی معیاد رواں سال 18 ستمبر کو مکمل ہو گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG