امریکہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرین کی بحالی کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم ایک ملین ڈالر یعنی دس لاکھ ڈالر کے اس امداد ی پیکچ سے ہٹ کر ہے جو امریکہ نے پاکستان کے اندر قدرتی آفات سے بچاو کےڈھانچے کی تعمیر کے لیے دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
پاکستان میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اعدادو شما ر کے مطابق اموات کی تعداد 550 سے تجاوز کرچکی ہے۔اور آفات کے نمٹنے کے پاکستان کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے مطابق 46 ہزار دو سو مکانات کو بھی ان بارشوں میں شدید نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ بلوچستان ہے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں امریکہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اس نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کی حمایت میں فوری طور پر ایک لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلنکن نے اس ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ اس فوری امداد کے علاوہ امریکہ نے پہلے ہی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے لیے دس لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کر رکھا ہے۔
وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان مستقبل میں ممکنہ طور پر کسی بھی آنے والے موسمیاتی بحران کے اثرات کو کم سے کم رکھنے کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔
" ہم مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔ فوری امداد میں 100,000 ڈالر کے علاوہ، امریکہ نے قدرتی آفات کے خلاف پیش بندی کے ڈھانچے کی تعمیر کے لیے ایک ملین ٖڈالر کا اعلان کیا، اور ہم ماحولیات بحران کے مستقبل کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھے ہوئے ہیں"۔
ا
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے مطابق ایک لاکھ کی فوری امداد امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی امداد یو ایس اے آئی ڈی (USAID) کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں موسم برسات میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ، سرکاری اداروں کے اعدادو شمار کے مطابق، اموات کی تعداد 550 سے تجاوز کرچکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی مغربی مغربی صوبہ بلوچستان ان بارشوں میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس صوبے میں اب تک 196 جب کہ سندھ میں 134 جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔ سیلاب نے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے جنوبی علاقوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
نقل مکانی اور موسمی امراض کے پھیلاو نے متاثرہ لوگوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
مون سون بارشوں کے چار سلسلوں میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔