صدر براک اوباما نے مالی سال2012ء میں امریکی دفاع پر پانچ فی صد کٹوتی کرتے ہوئے چھ کھرب 71 ارب ڈالر بجٹ مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
پیر کے روز اگلے مالی سال کے لیے منظر عام پر آنے والی بحٹ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ اگلے پانچ سال کے دوران دفاعی بحٹ میں 78 ارب ڈالر کی کٹوتی کی جائے گی، جس کا عندیہ وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے پچھلے مہینے دیا تھا۔
2012ء کے دفاعی بجٹ کا ایک بڑا حصہ فوجیوں کی تنخواہوں اور مراعات، عالمی سطح کی کارروائیوں اور جدید فوجی آلات اور ٹیکنالوجی کی خرید پر صرف ہوگا۔
مسٹر اوباما نے عراق اور افغانستان میں جنگ کے لیے تقریباً ایک کھرب 18 ارب ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی ہے جو مالی سال 2011ء کے ایک کھرب60 ارب ڈالر کے بجٹ سے کم ہے۔
عراق اور افغانستان میں جاری جنگوں کے اخراجات منہا کرنے کے بعد 2010ء کے بجٹ کے مقابلے میں پنٹاگان کے بجٹ میں تجویز کردہ حقیقی اضافہ 22 ارب ڈالر ہے۔
عہدے داروں کا کہناہے کہ دفاعی بجٹ کی تجاویز میں وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ کئی ایسے پروگرام کو ختم کرکے اور کئی ایک کا دائرہ محدود کرکے ، جنہیں وہ بے فائدہ سمجھتے ہیں ، اپنے ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنائیں گے۔
محکمہ دفاع 2013ء کے بجٹ میں مزید 50 ارب ڈالر کی کٹوتی کرنا چاتاہے۔