امریکہ کی آرمی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈنگ جنرل، لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ کی قیادت میں چھ رکنی وفد نے رواں ہفتے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا۔
امریکی سفارت خانے سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق لیفٹننٹ جنرل گیرٹ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
اس دورے کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ کے لیفٹننٹ جنرل گیریٹ اور اُن کے وفد نےپاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتوں میں آپریشنز، تربیت اور دیگر شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
لیفٹننٹ جنرل گیرٹ نے پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پبی کے مقام پر قائم انسداد دہشت گردی کے قومی تربیتی مرکز کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر اُنھیں دہشت گرد گروپوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فوجیوں کی تربیت سے متعلق پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
امریکی سفارت خانے کے بیان مطابق یو ایس آرمی سینٹرل کمانڈ بنیادی طور پر فوجی سطح کے معلوماتی تبادلوں، علاقائی کانفرنسوں اور دوطرفہ مشقوں کے ذریعے پاکستان کی فوجی قیادت اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔
بیان کے مطابق ان سرگرمیوں سے دونوں ملکوں کو خطے میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری شراکت داری قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔