رسائی کے لنکس

امریکہ کی جانب سے صومالیہ میں پرتشدد حملوں کی مذمت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اتوار کو کہا کہ "الشباب نے ایک بار پھر اپنی بربریت کا اظہار (کیا) اور صومالیہ کے معاشرے کی تشدد اور جبر سے آزادی کو قبول نہیں کیا ہے"۔

امریکہ نے صومالیہ کے درالحکومت موغادیشو میں دو ہوٹلوں اور افریقن یونین کی فورس کے ایک اڈے پر شدت پسند تنظیم ’الشباب‘ کی طرف سے حال ہی میں کیے جانے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔

جمعہ کو ویہلیا اور سیاد ہوٹلوں پر ہونے والے حملوں میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

جمعہ کو ہی موغادیشو کے ایک فٹ بال اسٹیڈیم پر توپ کے گولے برسائے گئے، جو اب افریقن یونین فورس کے اڈے کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔

امریکہ کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اتوار کو کہا کہ "الشباب نے ایک بار پھر اپنی بربریت کا اظہار (کیا) اور صومالیہ کے معاشرے کی تشدد اور جبر سے آزادی کو قبول نہیں کیا ہے"۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ " امریکہ ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے صومالیہ کے عوام، اس کی حکومت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے"۔

الشباب عسکریت پسند گروپ کئی سالوں سے صومالیہ کی حکومت کو ختم کرنے اور ایک سخت گیر اسلامی ریاست کے قیام کی کوششیں کر رہا ہے۔

صومالیہ کے فوجیوں اور افریقن یونین کی امن فوج کو صومالیہ کے بڑے شہروں سے ’الشباب‘ کو باہر نکالنے میں کامیابی تو حاصل ہوئی ہے تاہم اب بھی کئی علاقوں پر اس گروہ کا قبضہ ہے اور وہ اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

XS
SM
MD
LG