امریکہ پاکستان کو تعلیم کے میدان میں بھی بہت آگے دیکھنے کا خواہشمند ہے، اسی لئے وہ پاکستانی معیار تعلیم میں ہمیشہ سے بہتری کے لئے کوشاں رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے امریکہ اب بھی اپنی پوری کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسی نکتے کو آگے بڑھاتے ہوئے امریکی قونصل جنرل گریس ڈبلیو شیلٹن نے صوبہ سندھ کے شہر روہڑی میں ہائی اسکول کا افتتاح کیا ہے۔
افتتاح کے موقع پر اپنی تقریر میں گریس شیلٹن نے کہا کہ امریکہ صوبے بھر میں ایسے 106 اسکول تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اسی منصوبے کا یہ چھٹا اسکول ہے جس کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آگیا ہے۔
امریکی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ اچھی اور معیاری تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستانی طالب علم اپنے ملک کے لئے اثاثہ ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بہتر تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ باصلاحیت اور ضرورت مند طالب علموں کو پاکستان کی 30 یونیورسٹیوں میں اسکالرشپ بھی فراہم کرے گا۔
ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ ہرسال 300 پاکستانی طالب علموں کو امریکا کی بہترین یونیورسٹیز میں اسکالرشپس دی جاتی ہیں جبکہ پاکستان کی 17 یونیورسٹیوں کی فیکلٹی کو ٹریننگ بھی دی جاتی ہے۔
افتتاح کے موقع پر سندھ کے وزیرتعلیم جام مہتاب ڈاہر بھی موجود تھے جنہوں نے پاکستان میں تعلیمی معیار بہتر بنانے میں دلچسپی لینے پر امریکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے بین الاقوامی ترقیات کے ادارے (یو ایس ایڈ) کی کوششوں سے سندھ میں تعلیمی معیار بہتر ہوگا۔ موجودہ دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے ہم روایتی نظام سے نئے اور جدید نظام تعلیم کی طرف منتقل ہونا چاہتے ہیں۔ اسی لئے صوبائی حکومت نے سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔