رسائی کے لنکس

ایران سے کسی معاہدے کی خبریں جھوٹی اور گمراہ کن ہیں : امریکہ


امریکہ نے بدھ کو کہا کہ ایران کے ساتھ عبوری جوہری معاہدے کی خبریں "جھوٹی اور گمراہ کن ہیں۔"

محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ اس بات پر قائم ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے اور وہ ایران کی جانب سے یورینیم کی اعلی ٰسطح پر افزودگی کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

امریکہ ، 2015 کے اس بین الاقوامی معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا جس میں ایران اور عالمی طاقتوں نے طے کیا تھا کہ پابندیوں میں نرمی کے بدلے میں ایران اپنے جوہری پروگرام کو محدود کر دے گا ۔

امریکہ کے معاہدے سے علیحدگی کے بعد سے ایران ، یورینیم کی افزودگی کو اعلیٰ سطح تک لے گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ افزودہ یورینیم کے اپنے ذخیرے میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔

لیکن ایران بار بار یہ کہتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف اور صرف جوہری توانائی کے حصول کے لیے ہے اور وہ جوہری ہتھیار بنانے کی تردید کرتا ہے۔

ملر نے کہا کہ ہم ایران کے عزائم اور ایران کی سرگرمیوں سے بے خبر نہیں ہیں، لیکن ہمار ا ہمیشہ سے اس بات پر یقین ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے سفارت کاری ہی بہترین راستہ ہےاور اس کے لیے تمام راستے کھلے ہیں۔

جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے بارے میں بالواسطہ بات چیت گزشتہ سال منقطع ہو گئی تھی، اور امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ اس کی موجودہ ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات رائٹرز سے آئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG