امریکہ میں کتنے ووٹرز قبل از وقت ووٹ ڈال چکے ہیں؟
امریکہ میں قبل از وقت ووٹ بیلٹ یا ڈاک کے ذریعے ڈالنے کی اجازت ہے۔ اس لیے شہریوں کی ایک بڑی تعداد اس سہولت کا استعمال کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ میں آٹھ کروڑ دس لاکھ سے زائد شہریوں نے قبل از وقت ووٹ ڈالا ہے۔
سال 2020 میں امریکہ میں صدارتی الیکشن میں مجموعی طور پر 15 کروڑ 80 لاکھ ووٹ ڈالے گئے تھے۔ اس بار اس تعداد سے نصف سے بھی زیادہ ووٹ پہلے ہی ڈالے جا چکے ہیں۔
امریکہ میں ووٹوں کی گنتی کا مختلف نظام
زیادہ تر ملکوں میں الیکشن کمیشن انتخابات اور ووٹوں کی گنتی کا کام کرتا ہے۔ لیکن امریکہ میں یہ نظام بالکل مختلف طریقے سے انجام دیا جاتا ہے۔ یہ نظام کیسے کام کرتا ہے؟ جانیے اس ویڈیو میں۔
لیاری میں امریکی انتخابات کی ’تیاری‘
امریکہ کے صدارتی انتخاب کے موقع پر کراچی کے علاقے لیاری میں کچھ نوجوان آرٹسٹس نے امریکی سیاسی شخصیات کے اسکیچز اور پینٹنگز بنائی ہیں۔ ان میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے اسکیچز بھی شامل ہیں۔
امریکہ میں آج کس کس سطح پر الیکشن ہو رہے ہیں؟
امریکہ میں صدارتی الیکشن کے امیدواروں کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ میں مقابلے کے علاوہ قومی، ریاستی اور مقامی سطح پر بھی انتخابات ہو رہے ہیں۔
کانگریس کے ایوانِ زیریں ’ایوان نمائندگان‘ کی تمام 435 نشستوں پر الیکشن آج ہو رہا۔
ایوانِ نمائندگان کے انتخابات ہر دو سال کے بعد منعقد ہوتے ہیں ۔ اس کے ارکان بھی دو سال کے لیے ہی منتخب ہوتے ہیں۔
کانگریس میں ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کی 100 میں سے 34 نشستوں پر بھی آج ہی الیکشن ہوگا۔ اسی طرح ملک کی 11 ریاستوں میں گورنروں کے الیکشن کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ریاستی اور مقامی عہدوں کے لیے ہزاروں مقابلے ہوں گے جن میں ریاستوں کے قانون سازوں، شہروں کے میئر اور بلدیاتی نمائندوں کے انتخابات شامل ہیں۔
ساتھ ہی کئی ریاستوں میں ریفرنڈم بھی ہو رہے ہیں جن میں ووٹروں سے اسقاط حمل، ٹیکس پالیسی اور گانجے کے استعمال جیسے مسائل کے بارے میں رائے لی جائے گی۔