رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے آٹھ بینکوں اور 26 منتظمین کے خلاف تعزیرات عائد


فائل
فائل

امریکی وزیر خزانہ، اسٹیون نوشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اس کے ذریعے ہم شمالی کوریا کو اکیلا کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہوسکیں گے، جس سے جزیرہٴ کوریا کو پُرامن اور جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے وسیع تر مفاد کا حصول ممکن ہوگا‘‘

ایسے میں جب جوہری پروگرام پر شمالی کوریا کے ساتھ تناؤ بڑھ رہا ہے، امریکہ نے شمالی کوریا کی آٹھ بینکوں اور بینکوں کے 26 منتظمین پر تعزیرات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ، اسٹیون نوشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اس کے ذریعے ہم شمالی کوریا کو اکیلا کرنے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہوسکیں گے، جس سے جزیرہٴ کوریا کو پُرامن اور جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے وسیع تر مفاد کا حصول ممکن ہوگا‘‘۔

گذشتہ ہفتے، صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامے پر دستخط کیے جس کے تحت شمالی کوریا کی اکیلے پن کی شکار کمیونسٹ حکومت کے ساتھ، جو اسلحے کی تشکیل کے اپنے پروگرام پر خوب رقوم خرچ کر رہی ہے، اُس کے ساتھ تجارت کرنے والے افراد اور کاروباری اداروں کے خلاف نئی معاشی تعزیرات عائد کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

امریکی وزیر دفاع جِم میٹس نے منگل کے روز اس بات پر زور دیا کہ امریکہ شمالی کوریا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پُرامن حل کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ شمالی کوریا کا یہ دعویٰ ہے کہ پیر کے روز ٹرمپ کی جانب سے کیا جانے والا ٹوئیٹ اعلانِ جنگ ہے۔

نئی دہلی میں امریکہ بھارت تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بھارتی حکام سے بات چیت کے بعد، میٹس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی دھمکیوں کے توڑ کے لیے ضروری ہے کہ امریکی فوج جزیرہٴ کوریا پر تعینات رہے، ساتھ ہی تنازع کے پُرامن حل کے لیے، امریکہ سفارتی کوششوں کی بھی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

بھارتی وزیر دفاع سے ملاقات کے بعد، میٹس نے کہا ہے کہ ’’اور ہمارا ہدف یہ ہے کہ ہم اِسے سفارتی طریقے سے حل کریں، اور میں سمجھتا ہوں کہ اس معاملے پر صدر ٹرمپ خاصے واضح ہیں۔‘‘
وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن نے منگل کے روز اس بات پر بھی زور دیا کہ ’’امریکہ سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور امید ہے ہم اِس طریقے سے اسے حل کرلیں گے‘‘۔
پیر کے روز، صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا اپنی حالیہ دھمکیوں پر عمل پیرا ہوتا ہے تو شمالی کوریا کے لیڈر، کم جونگ اُن کی حکومت ’’زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی‘‘۔

XS
SM
MD
LG