جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر براک اوباما نے کہا کہ القائدہ کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکہ کا موثر اتحادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے نزدیک علاقوں میں القائدہ کے خلاف کارروائیوں میں جو کامیابیاں امریکہ کو حاصل ہوئی ہیں وہ پاکستان کی حکومت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔
صدر اوباما نے کہا کہ اگر ہمارے خیال میٕں پاکستان نے ہمارے مفادات کا خیال نہیں رکھا تو ہم پاکستان کے ساتھ کسی طویل المعیاد اسٹرٹیجک رلیشن شپ میں صحیح محسوس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں ایک مستحکم حکومت کے قیام کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہمارے ان مقاصد کے حوالے سے پاکستان گومگوں کی کیفیت میں ہے۔ اور وہ مشکوک کرداروں کی جانب جھکاؤ رکھتا ہے۔
صدر اوباما نے کہا کہ پاک بھارت کے اچھے تعلقات دنیا کے مفاد میں ہے، اور امریکہ نے پاکستان کو قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ مستحکم افغانستان پاکستان کے حق میں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کے واضح اشارے ہیں کہ پاکستان کے خفیہ اداروں کے کچھ لوگوں کے حقانی نیٹ ورک کے کچھ لوگوں سے رابطے ہیں جو امریکہ کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے استحکام کے لئے پاکستان کے عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں صدر اوباما نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات پراپنے مفادات کی بنیاد پر مسلسل نظرثانی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے امداد روکنے کے حق میں نہیں ہیں۔
صدر اوباما نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پر امن طرز عمل کرے کیونکہ یہ ہی سب کے مفاد میں ہے اور اس سے پاکستان میں ترقی ہوگی۔
امریکی معیشت کے حوالے سے صدر براک اوباما نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ وہ نئی ملازمتیں پیدا کرنے سے متعلق ان کے44 ارب 70 کروڑ ڈالر کے منصوبے کی منظوری دے۔ صدر کا کہناتھا کہ اس منصوبے سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی اور بے روزگار اپنے کام پر واپس جاسکیں گے۔جمعرات کے روز وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ اس وقت امریکی عوام کو مدد کی اور ملکی معیشت کو دھکا لگانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی صورت حال کا تقاضا ہے کہ سیاست دان اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
صدر نے کہا کہ ملازمتوں سے متعلق ان کے مجوزہ امریکن جابز ایکٹ کے ذریعے اساتذہ، فائر فائیٹرز، پولیس اہل کاروں اور تعمیراتی کارکنوں کو ملازمتوں پر واپس لانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سینٹ میں اس بل پر اگلے ہفتے ووٹنگ ہوگی۔
صدر اوباما نے خبردار کیا کہ اگر اس سلسلے میں کوئی قدم نہ ا ٹھایا گیا تو یورپ کے موجودہ اقتصادی مسائل امریکہ کے لیے حقیقی خطرہ بن سکتے ہیں۔