رسائی کے لنکس

ایشٹن کارٹر کا بطور نئے وزیر دفاع نامزدگی کا اعلان


وائٹ ہاؤس تقریب
وائٹ ہاؤس تقریب

صدر براک اوباما نے جمعے کے دِن وائٹ ہاؤس میں ایک خصوصی تقریب میں، ایشٹن کارٹر کی نامزدگی کا باضابطہ اعلان کیا۔ نام کی توثیق پر، وہ چک ہیگل کی جگہ لیں گے، جو کچھ ہی دِن قبل عہدے سے مستعفی ہوئے تھے

امریکی صدر براک اوباما نے پینٹاگان کے ایک سابق معاون سربراہ، ایشٹن کارٹر کو نیا وزیر دفاع نامزد کیا۔

اُنھوں نے یہ اعلان، جمعے کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک تقریب میں کیا، جس میں نائب صدر جو بائیڈن بھی شریک تھے۔

کارٹر ماہر طبیعیات ہیں اور ہتھیاروں کی جدید ترین اقسام کے ماہر ہیں۔ وہ سنہ 2011 سے 2013ء تک ملک کے معاون وزیر دفاع رہ چکے ہیں۔ اِس عہدے پر فرائض کی انجام دہی کے دوران، اُنھوں نے پینٹاگان کے لیے اعلیٰ اسلحے کی خریداری کی۔

صدر اوباما نے کہا کہ کارٹر اسٹریٹجک نقطہٴنظر اور یکتا تکنیکی مہارت کے مالک شخص ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ کارٹر کو دونوں پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے۔ کانگریس کی طرف سے توثیق ہونے پر، وہ چک ہیگل کی جگہ لیں گے، جنھوں نے گذشتہ ماہ استعفیٰ پیش کیا۔ وہ صرف دو برس تک عہدے پر فائز رہے۔

کارٹر نے کہا کہ توثیق ہونے پر، وہ مسٹر کو انتہائی ’صاف گوئی‘ کے ساتھ حکمت عملی اور حربی مشاورت فراہم کرنے کا عہد کرتے ہیں۔

اُنھوں نے ملک کے فوجی اہل کاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ’اُسی غیر متزلزل جذبے کے ساتھ‘ قوم کی خدمت بجا لانے کا وعدہ کرتے، جس کا وہ ہر روز عملی مظاہرہ پیش کرتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے اِس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ مستعفی ہونے کے لیے ہیگل پر کسی قسم کا دباؤ ڈالا گیا تھا۔ تاہم، کچھ اہل کاروں نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ہے کہ معاملہ یہی تھا۔

ایک امریکی دفاعی اہل کار نے کہا ہے کہ کارٹر محکمہٴدفاع، وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، تاکہ اُن کی نامزدگی کی فوری توثیق کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے اور پینٹاگان میں عبوری دور کا عمل خوش اسلوبی سے تکمیل کو پہنچے۔

سنہ 2011 سے 2013 کے دوران امریکی وزارتِ دفاع کی طرف سے اسلحہ کی خریداری کا کام بجا لانے والے اعلیٰ ترین عہدیدار، کارٹر ایشٹن ہی تھے۔

کارٹر نے فوج میں باوردی ذمہ داریاں نہیں سر انجام دیں، جیسا کہ اُن کے پیش رو چک ہیگل سر انجام دے چکے ہیں۔

چک ہیگل نے گزشتہ ماہ اچانک بطور وزیر دفاع کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا، اُنھوں نے دو سال تک اس منصب پر اپنے فرائض انجام دیے۔

ہیگل نے فروری 2013ء میں بطور امریکی وزیر دفاع عہدہ سنبھالا تھا؛ وہ لیون پنیٹا کے جانشین تھے۔

XS
SM
MD
LG