صدر براک اوباما نے 2017ء کے مالی سال کے دوران امریکہ میں ایک لاکھ 10 ہزار پناہ گزینوں کو آباد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جو کہ پہلے مقرر کردہ ہدف سے دس ہزار اور رواں سال کی نسبت 30 فیصد زیادہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیرخارجہ جان کیری نے پناہ گزینوں کو آبادکاری کے نئے ہدف کا اعلان منگل کو ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی کمیٹی برائے انصاف کے سیشن میں کیا۔
اتنی بڑی تعداد میں پناہ گزینوں کو امریکہ میں بسانے کا ہدف اس سے قبل بل کلنٹن کے عہد صدارت میں 1995ء میں سامنے آیا تھا جب کہ ایک لاکھ 12 ہزار پناہ گزینوں کو آباد کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
2015ء کے مالی سال میں امریکہ نے صرف 70 ہزار پناہ گزینوں کو اپنے ہاں جگہ دی تھی۔
شائع شدہ اطلاعات کے مطابق اوباما انتظامیہ آئندہ سال شامی پناہ گزینوں کی "قابل ذکر بڑی" تعداد کو بسانا چاہتی ہے۔ مالی سال 2016ء میں اس نے مقرر کردہ 10 ہزار کی تعداد کا ہدف حاصل کر لیا تھا۔
توقع ہے کہ اوباما اس منصوبے کا اعلان آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پناہ گزینوں سے متعلق ایک کانفرنس میں شرکت سے قبل کریں گے۔