رسائی کے لنکس

امریکہ شمالی کوریا کے 'کرسمس تحفے' سے نمٹنے کو تیار ہے: ٹرمپ


صدر ٹرمپ کے بقول، شمالی کوریا کی جانب سے شاید بہت اچھا تحفہ بھیجا جائے گا اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ میزائل تجربے کے بجائے مجھے پھولوں کا گلدستہ بھیجیں گے۔ (فائل فوٹو)
صدر ٹرمپ کے بقول، شمالی کوریا کی جانب سے شاید بہت اچھا تحفہ بھیجا جائے گا اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ میزائل تجربے کے بجائے مجھے پھولوں کا گلدستہ بھیجیں گے۔ (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کرسمس کے موقع پر شمالی کوریا کے کسی بھی 'تحفے' سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے دھمکی دی تھی امریکہ اپنے رویے میں تبدیلی لاتے ہوئے مذاکرات کا سلسلہ بحال کرے ورنہ وہ خود انتخاب کر لے کہ اسے کرسمس کے موقع پر کیا تحفہ چاہیے۔

امریکی ملٹری کمانڈرز نے شمالی کوریا کی جانب سے کرسمس کے موقع پر طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل تجربے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پتہ لگائیں گے کہ شمالی کوریا کا امریکہ کے لیے کرسمس پر کیا تحفہ ہوگا اور ہم اس سے بہت کامیابی سے نمٹیں گے۔

اُن کے بقول، شاید وہ بہت اچھا تحفہ ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ میزائل تجربے کے بجائے مجھے پھولوں کا گلدستہ بھیجیں۔

شمالی کوریا نے رواں ماہ کے آغاز پر اپنے دھمکی آمیز بیان میں واشنگٹن پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کی تخفیف سے متعلق ہونے والے مذاکرات کو طول دینا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے آخری مرتبہ نومبر 2017 میں بین البراعظمی میزائل 'ہاسونگ 15' کا تجربہ کیا تھا۔ جسے اب تک کا سب سے بڑا میزائل تجربہ کہا جاتا ہے۔

پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ ان کے میزائل امریکہ میں کسی بھی شہر کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جزیرہ نما کوریائی خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2018 سے اب تک کم جانگ ان سے تین ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

تاہم اب تک ان ملاقاتوں کا کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات میں وقفے کے دوران شمالی کوریا متعدد میزائل تجربات بھی کر چکا ہے۔

شمالی کوریا کا مطالبہ ہے کہ اس پر عائد عالمی پابندیاں اٹھائی جائیں جب کہ امریکہ کا کہنا ہے کہ پیانگ یانگ کو پہلے جوہری ہتھیاروں کو ترک کرنا ہوگا۔

چین اور روس نے گزشتہ ہفتے تجویز دی تھی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل شمالی کوریا پر عائد بعض پابندیاں اٹھا لے تاکہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان ڈیڈ لاک کو ختم کیا جا سکے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس تجویز پر غور کرنے کے لیے یہ وقت مناسب نہیں۔ شمالی کوریا مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے جب کہ پیانگ یانگ جوہری ہتھیاروں کی تخفیف پر مذاکرات کا انکاری ہے اور اس کی جانب سے میزائل تجربات بھی کیے جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG