رسائی کے لنکس

امریکہ بھارت کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کا خواہاں


چک ہیگل جمعرات کو دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں
چک ہیگل جمعرات کو دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں

بھارت نے حالیہ برسوں کے دوران امریکہ سے 10 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار اور دیگر دفاعی ساز و سامان خریدا ہے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ چک ہیگل نے کہا ہے کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ پہلے سے موجود دفاعی تعاون میں مزید اضافے کا خواہش مند ہے۔

جمعرات کو بھارت کے دو روزہ دورے کے آغاز پر اپنے ایک بیان میں امریکی وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون میں اضافے کے مزید مواقع کی تلاش میں ہیں۔

جرمنی سے بھارت آتے ہوئے دورانِ پرواز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چک ہیگل نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کو مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ دفاعی مصنوعات کی تجارت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے اس 10 سالہ معاہدہ کی تجدید بھی کرنی چاہیے جو آئندہ برس ختم ہورہا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت ہتھیار درآمد کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ امریکہ بھارت کے ساتھ اسلحے کی فروخت کے مزید سودوں کا خواہش مند ہے تاکہ ان کے ذریعے امریکی معیشت کو سہارا مل سکے۔

بھارتی حکومت کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تجارت میں اضافہ ہورہا ہے اور بھارت نے حالیہ برسوں کے دوران امریکہ سے 10 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار اور دیگر دفاعی ساز و سامان خریدا ہے۔

لیکن صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کا مقصد صرف ہتھیاروں کی فروخت ہی نہیں بلکہ وہ اپنے دورے کے دوران اس سے کہیں بڑے موضوعات اور معاملات پر بات کریں گے۔

امریکی کمپنی 'بوئنگ' کا تیار کردہ اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر
امریکی کمپنی 'بوئنگ' کا تیار کردہ اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر

انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے مفادات مشترک ہیں اور وہ ان مشترکات کی بنیاد پر دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہش مند ہیں۔

بھارت کے نئے وزیرِاعظم نریندر مودی کی کابینہ نے رواں ہفتے ہی بھارت کی دفاعی صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حد 26 فی صد سے بڑھا کر 49 فی صد کرنے کی منظوری دی ہے۔

اس اقدام کا مقصد بھارت کی دفاعی صنعتوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ اندرونِ ملک بہتر اسلحہ اور ہتھیار تیار کیے جاسکیں۔

امریکی محکمۂ دفاع 'پینٹاگون' کا کہنا ہے کہ اپنے دورے کے دوران چک ہیگل بھارتی رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کے علاوہ ہتھیاروں کی مشترکہ تیاری اور دفاعی شعبے میں مشترکہ تحقیق کی تجاویز پر بھی بات کریں گے۔

امریکی ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں بھارت کی دلچسپی

امریکی وزیرِ دفاع کے دورۂ نئی دہلی کے موقع بھارتی حکومت نے امریکہ سے مزید جنگی ہیلی کاپٹر خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے امریکی ساختہ اپاچی گن شپ اور چینوک ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا معاملہ چک ہیگل کے دورۂ بھارت کے ایجنڈے میں سرِ فہرست رہنے کی توقع ہے۔

بھارتی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان پہلے ہی سے 22 اپاچی ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے لیے مذاکرات جاری ہیں جن کی مالیت 4ء1 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

بھارت اپنی فضائی افواج کے لیے امریکہ سے 15 چینوک ہیلی کاپٹر خریدنے کا بھی خواہاں ہے
بھارت اپنی فضائی افواج کے لیے امریکہ سے 15 چینوک ہیلی کاپٹر خریدنے کا بھی خواہاں ہے

بھارتی حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ اگر ابتدائی سودا طے پاگیا تو بھارت دوسرے مرحلے میں امریکہ سے مزید 39 اپاچی گن شپ ہیلی کاپٹر خرید سکتا ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر خریدے جانے والے 22 جدید اپاچی ہیلی کاپٹر بھارتی فضائیہ کے سوویت دور کے ہیلی کاپٹروں کی جگہ لیں گے۔ ان ہیلی کاپٹروں میں 'ہیل فائر' اور 'اسٹنگر' میزائل بھی نصب کیے جائیں گے۔

بھارتی بری فوج نے بھی حکومت سے ایسے ہی 39 اپاچی ہیلی کاپٹروں کی خریداری کی اجازت مانگی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر بھارتی فوج کے اس نئے دستے میں شامل کیے جائیں گے جو چین کے ساتھ واقع پہاڑی سرحدی علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان 15 'چینوک' ہیلی کاپٹروں کے سودے پر بات چیت بھی جاری ہے جن کی مالیت 4ء1 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

دو پنکھوں والے یہ ہیلی کاپٹر بھاری وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں بھارتی فضائیہ میں شامل کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG