پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی مندوب جیمز ڈوبنز رواں ماہ اپنے عہدے سے دستبردار ہورہے ہیں جس کے بعد ان کی جگہ ان کے نائب ڈینئل فیلڈ مین یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اس تبدیلی کا اعلان امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
بیان میں سیکریٹری کیری نے امریکہ اور افغانستان کے درمیان مجوزہ سکیورٹی معاہدے پر مذاکرات، افغان انتخابات کی تیاری اور انعقاد، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے انتظامات اور پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ضمن میں جیمز ڈوبنز کی خدمات کو سراہا ہے۔
جیمز ڈوبنز ایک ایسے وقت اپنے عہدے سے الگ ہو رہے ہیں جب افغانستان میں صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے باعث پرامن انتقالِ اقتدار کی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے۔
افغانستان سے 2014ء کے اواخر تک غیر ملکی افواج نے انخلا کا اعلان کر رکھا ہے اور توقع کی جا رہی تھی کہ اس سے قبل ملک کا نیا صدر امریکہ اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی معاہدے پر دستخط کر دے گا جس کے تحت 2014ء کے بعد بھی وہاں 10 ہزار تک امریکی فوجی تعینات رہ سکیں گے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے ساتھ طویل وابستگی کے بعد ریٹائرمنٹ کی زندگی گزارنے والے جیمز ڈوبنز نے مئی 2013ء میں افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی مندوب کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔
جناب ڈوبنز کی جگہ اُن کے نائب ڈینئل فیلڈمین سنبھالیں گے، جو امریکی وزیرِ خارجہ کے بقول"اپنے پیش رووں کی طرح محفوظ، مستحکم اور خوش حال افغانستان اور پاکستان کے قیام اور وہاں امریکی قومی سلامتی کے مفادات کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے۔"