رسائی کے لنکس

امریکہ: کئی ریاستوں میں شدید برفانی طوفان


سرمائی طوفان دارالحکومت واشنگٹن کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں انتظامیہ نے بدھ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

امریکہ کی وسط مغربی ریاستوں میں آنے والے شدید برفانی طوفان کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہیں۔

موسمیاتی حکام کے مطابق سرمائی طوفان دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں انتظامیہ نے بدھ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے جس کے باعث دفاتر، اسکول اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

امریکہ کی 'نیشنل ویدر سروس' کے مطابق دارالحکومت کو نشانہ بنانے والا گزشتہ دو برسوں کا یہ شدید ترین برفانی طوفان ہوگا جس کے زیرِ اثر شہر میں 6 سے 12 انچ تک برف پڑ سکتی ہے ۔

وفاقی انتظامیہ نے دارالحکومت میں کام کرنے والے پونے چار لاکھ سرکاری ملازمین کو گھروں ہی میں رہنے اور کام پر نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔

طوفان کے باعث امریکہ کی وسط مغربی ریاستوں میں منگل کو لگ بھگ 1700 پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں جب کہ بدھ کو بھی مزید 1500 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث امریکی ریاست ورجینیا میں لگ بھگ 54 ہزار صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جب کہ مغربی ورجینیا میں بھی کم از کم پانچ ہزار صارفین بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔

'نیشنل ویدر سروس' نے طوفان کے زیرِ اثربحرِ اوقیانوس کے ساتھ واقع امریکی ساحلی پٹی پر شدید بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

حکام کے مطابق طوفان کے زیرِ اثر چلنے والی تیز ہوائوں اور برف باری کے باعث کئی ریاستوں میں ٹریفک حادثات بھی پیش آئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG