امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں گزشتہ تعلیمی سال کے دوران غیر ملکی طالب علموں کی تعداد سات لاکھ 20 ہزار سے زائد رہی جو مسلسل اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اپنی تازہ جائزہ رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی میں زیر تعلیم بین الاقوامی طلبا کی تعداد میں مسلسل پانچویں سال بھی اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ سال چین، سعودی عرب، ویتنام، ایران اور وینزویلا سے حصول تعلیم کے لیے آنے والے طالب علموں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
امریکی میں زیر تعلیم غیر ملکیوں کی نصف تعداد کا تعلق چین، بھارت اور جنوبی کوریا سے ہے۔ 20 فیصد سے زائد بین الاقوامی طالب علم بزنس اینڈ مینیجمنٹ پڑھ رہے ہیں جبکہ دوسرا مقبول ترین شعبہ انجنئیرنگ کا ہے۔
سب سے زیادہ بین الاقوامی طالب علم ریاست کیلی فورنیا کی درس گاہوں میں زیر تعلیم ہیں جن کی تعداد 96 ہزار سے زیادہ ہے۔ یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا میں مسلسل دسویں سال بھی غیر ملکی طلبا کی تعداد آٹھ ہزار چھ سو سے زائد ہے۔