رسائی کے لنکس

امریکہ: ریل گاڑی پٹڑی سے اتر گئی، کم ازکم پانچ ہلاک


فلاڈیلفیا کے میئر مائیکل نٹر نے پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم ازکم 49 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔

امریکہ میں ریل گاڑی کے پٹڑی سے اترنے کے باعث کم ازکم پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

واشنگٹن ’ڈی سی‘ سے نیویارک جانے والی ریل گاڑی کو یہ حادثہ فلاڈیلفیا میں منگل کو دیر گئے پیش آیا۔

فلاڈیلفیا کے میئر مائیکل نٹر نے پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم ازکم 49 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹرین کمپنی ایمٹریک کے مطابق ریل گاڑی پر 238 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے اور اس حادثے کے بعد فی الوقت فلاڈیلفیا سے نیویارک کے لیے ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں امدادی کارکن جائے وقوع پر پہنچے جہاں ریل گاڑی کا انجن اور چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تھیں۔

اس حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں جب کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی "ایف بی آئی" کے اہلکار بھی تفتیش میں مدد دینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔

پنسلوینیا سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سابق رکن پیٹرک مرفی بھی اس ریل گاڑی پر سفر کر رہے تھے۔ انھوں نے ایم ایس این بی سی کو بتایا کہ وہ کیفے کار میں تھے جب یہ واقعہ پیش آیا اور انھیں بھی معمولی چوٹیں آئیں۔

انھوں نے خیال ظاہر کیا کہ ریل گاڑی 60 یا 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہوگی کہ اچانک یہ پٹڑی سے اتر گئی۔

ڈیلویر سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹام کارپر نے ٹوئٹر پر بتایا کہ وہ بھی اس ٹرین پر سفر شروع کیا تھا لیکن وہ حادثے سے قبل اپنے ولمنگٹن میں اتر گئے تھے۔

مصروف ترین ٹرینوں کو گزشتہ ایک برس میں متعدد حادثے پیش آ چکے ہیں۔ رواں سال کے اوائل میں لاس اینجلس اور نیویارک کے شمالی علاقوں میں تین مختلف واقعات پیش آئے جن میں ریل گاڑیوں کا پٹڑی پر پھنس جانی والی کار اور جیپ سے تصادم ہوا۔ ان میں کم ازکم سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG