رسائی کے لنکس

ماضی کی مشہور بھارتی اداکارہ سادھنا چل بسیں


شاید آپ کو یہ سن کر خوش گوار حیرت ہو کہ سادھنا 2 ستمبر 1941 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ سادھنا نے سنہ 50 اور 60 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی متعدد فلموں کو اپنی اداکاری کے ہنر سے سجایا اور دوام عروج بخشا، مثال کے طور پر ’لو ان شملہ‘ ، ’پرکھ‘، ’ہم دونوں‘ ،’شری 420‘ اور ۔۔۔

بھارت کی منجھی ہوئی اور سینئر اداکارہ سادھنا جمعہ کو ممبئی میں چل بسیں۔ ان کی عمر 74 سال تھی۔ انہیں کافی عرصے سے کینسر کا مرض لاحق تھا اور اسی مرض کے ہاتھوں وہ زندگی کی بازی ہاریں۔

سادھنا ایسی فنکارہ تھیں جن کی اداکاری کے جوہر تو شہرت کا سبب بنے ہی، ان کا ہیراسٹائل بھی دنیا بھر میں مشہور ہوا۔یہاں تک کہ ہر خاص و عام نے اس اسٹائل کو کبھی نہ کبھی کاپی ضرور کیا۔ ان دنوں اس اسٹائل کی جھلک ایک مرتبہ پھر عام ہو رہی ہے۔

سادھنا نے سنہ 50 اور 60 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی متعدد فلموں کو اپنی اداکاری کے ہنر سے سجایا اور دوام عروج بخشا، مثال کے طور پر ’لو ان شملہ‘ ، ’پرکھ‘، ’ہم دونوں‘ ،’شری 420‘، ’میرے محبوب‘ ،’وقت‘ ،’وہ کون تھی‘، ’میرا سایہ‘ ، ’ایک پھول دو مالی‘ ، ’من موجی‘،’ دلہا دلہن‘ ، ’آرزو‘ اور ’وقت‘ ۔

سادھنا نے اپنے دور کے ہر مقبول ہیرو کے ساتھ کامیابی کے ریکارڈ قائم کئے۔ راج کپور، دیو آنند اور راجند کمار جیسے اس دور کے شہرہ آفاق اداکاروں نے سادھنا کے ساتھ کام کیا اور شہرت کے نئے معیار قائم کئے۔شاندار اداکاری کی بدولت ہی وہ کئی دہائیوں تک بھارتی فلموں کی کامیاب شناخت شمار ہوتی رہیں۔

بھارتی میڈیا نے سادھنا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سادھنا مایہ ناز اداکارہ کے طور پر جانی جاتی تھیں اور شاید آپ کو یہ سن کر خوش گوار حیرت ہو کہ سادھنا کا تعلق سندھ سے تھا۔ وہ 2 ستمبر 1941 کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔

سادھنا کو سنہ 2002 میں ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔ ’انڈین ایکسپریس‘ کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز تک لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ آخری دنوں میں تنہائی پسند ہوگئی تھیں اور اپنے دور کی صرف تین فنکاراوٴں سے ہی رابطے میں تھیں۔ ان میں ہیلن، وحیدہ رحمٰن اور آشا پاریکھ شامل ہیں۔

’لو ان شملہ‘ ان کی ایسی پہلی فلم تھی جو ان کی منفرد پہچان کا سبب بنی۔ اسی فلم نے انہیں شہرت کی نئی بلندیاں عطا کیں۔ اسی فلم کے ڈائریکٹر رام کرشن نیئر سے ان کی شادی ہوئی۔ تاہم، 1995ء میں رام کرشن بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG