رسائی کے لنکس

'برا نہ مانو ہولی ہے': بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر کا عمران خان کو پیغام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان سے متعلق اپنے ایک بیان پر معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ "برا نہ مانو ہولی ہے۔"

راجیو شکلا کا یہ بیان پاکستان کے سیاسی حالات کے تناظر میں نہیں بلکہ ان کی جانب سے سرزد ہونے والی ایک غلطی کے بعد سامنے آیا ہے۔

معاملہ یہ ہے کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں کہاتھا کہ وہ بدقستمی سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی ٹیسٹ نہیں دیکھ سکے کیوں کہ وہ ایک محاذ پر میچ فکسنگ کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

عمران خان نے پاکستان کے سیاسی ماحول کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جس میچ فکسنگ کے خلاف لڑ رہے ہیں اس میں ان کے کھلاڑیوں کو خریدنے کے لیے بھاری رقم استعمال کی جا رہی ہے۔

عمران خان کا یہ بیان ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے اپوزیشن کی جانب سے مبینہ طور پر تحریک انصاف کے اراکین کو اپنی جانب مائل کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے تناظر میں تھا۔

راجیو شکلا کی جانب سے ڈیلیٹ کی جانے والی ٹوئٹ کا عکس۔
راجیو شکلا کی جانب سے ڈیلیٹ کی جانے والی ٹوئٹ کا عکس۔

عمران خان کے اس بیان کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر یہ سمجھ بیٹھے کہ شاید وہ اپنے زمانۂ کرکٹ میں میچ فکسنگ کا اعتراف کر رہے ہیں۔

یہی نہیں راجیو شکلا نے عمران خان کی ٹوئٹ پر جوابی ٹوئٹ کی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ سے مطالبہ کر ڈالا کہ وہ میچ فکسنگ کے اعتراف کا نوٹس لے۔

بعدازاں غلطی کا احساس ہونے پر بی سی سی آئی کے نائب صدر نے لگ بھگ نو گھنٹے بعد اپنی اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا۔

راجیو شکلا نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ رنگوں کے تہوار ہولی کے موقع پر وہ عمران خان کی پولیٹیکل میچ فکسنگ کی بات کو غلط لے بیٹھے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ''برا نہ مناؤ ہولی ہے۔''

XS
SM
MD
LG