ویتنام کے حکام نے کہا ہے کہ وہ 82 سال سے شادی کے بندھن میں بندھے ایک جوڑے کا نام 'گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز' میں درج کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
110 سالہ ویتنامی باشندے ہوئن وین لک اور ان کی 106 سالہ اہلیہ نگوئن تھی لین کی شادی 1933ء میں ہوئی تھی۔ ویتنام کے 'ریکارڈ بک سینٹر' کے ڈائریکٹر کے مطابق جوڑے نے طویل ترین مدت تک شادی شدہ رہنے والے ایک ویتنامی جوڑے کا اعزاز گزشتہ ہفتے توڑا ہے۔
جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کے طویل ازدواجی تعلق کی کامیابی کا راز صحت مند طرزِ زندگی، مثبت سوچ اور جھگڑوں سے پرہیز ہے۔ جوڑے کی 71 سالہ صاحبزادی ہوئن تھی ہوا کے مطابق ان کے والدین ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں اور ان کی والدہ اب بھی بغیر کسی مدد کے ان کے والد کی نگہداشت کرتی ہیں۔
ویتنامی ریکارڈ کے ڈائریکٹر لی ٹرونگ آن کا کہنا ہے کہ ان کا دفتر مذکورہ جوڑے کا نام 'گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز' میں درج کرانے کے لیے ضروری کاغذی کاروائی کر رہا ہے۔
'گنیز بک' کے مطابق طویل ترین عرصہ تک چلنے والی شادی کا حالیہ ریکارڈ امریکہ کے ہربرٹ اور زیلمیرا فِشر کا ہے جن کا ادواجی تعلق 86 برسوں پر محیط تھا۔ ہربرٹ فِشر رواں برس کے آغاز میں انتقال کرگئے تھے۔