جس چھوٹےطیارےکا تعاقب کرنے والے لڑاکا طیاروں کی سونک بوم نے دارالحکومت واشنگٹن کے ارد گر دکےعلاقوں میں لوگوں کو چونکا دیا تھا۔اس میں ایک49سالہ ماں اپنی دو سا ل کی بیٹی اور اس کی آیاکے ساتھ خاندان سے مل کر واپس آ رہی تھیں۔
ہوائی جہاز کے کنٹرول کے پیچھے موجود شخص، کئی دہائیوں کا تجربہ رکھنے والے ایک ہنر مند ہوا بازتھے۔ چاروں اتوار کو اس وقت جان کی بازی ہار گئے جب ان کےنجی جیٹ کا ایئر ٹریفک کنٹرولرز سے رابطہ ٹوٹ گیا اور وہ ورجینیا کے دیہی علاقے میں ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا۔
فضا میں نامعلوم طیارے کی موجودگی کی خبروں کے سبب واشنگٹن ڈی سی میں موجود لوگ پریشانی کا شکار ہوئے۔ قبل ازیں امریکی جنگی جہاز ' سونک بوم' کے ساتھ اس چھوٹے سیسنا طیارے کی جانب لپکے تھے۔
واضح رہے سونک بوم اس وقت بنتی ہے جب طیارے آواز سے بھی زیادہ تیز رفتار سے فضا میں سفر کرتے ہیں۔ سونک بوم ایسی آواز ہوتی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی دھماکہ ہوا ہو۔
وفاقی تفتیش کار اب بھی حادثے کے تانے بانے جوڑ رہے ہیں اور ان لوگوں کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آرہی ہیں جنہوں نے ایک ایسےسانحے میں اپنی جانیں گنوائیں جس نے ہیمپٹن سے لے کر جنوبی فلوریڈا تک ان کے دوستوں اورخاندان والوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔
دوستوں نے بتایا کہ 49 سالہ اڈینا آزاریان نیویارک کے ریئل اسٹیٹ حلقوں میں مشہور تھیں، ایک بروکر جن کا بہت سی کامیابیوں پر مبنی پروفائل بھی تھا ۔اڈینا نے کرونا کی وباکے دوران اپنی اکلوتی بیٹی کو جنم دیاتھا۔
وہ اپنی بیٹی کی دیکھ بھال کے لیے 56 سالہ ایواڈنی اسمتھ کو جمیکا سےاپنے ایسٹ ہیمپٹن کے گھر میں نینی کے طور پر لے کر آئیں جو گھر کا ایک اہم فرد بن گئیں۔
خاندان میں انہیں "نینی V" کے نام سے جانا جاتا ہے، ایواڈنی اکثر ماں بیٹی کے ساتھ سفر کرتی تھیں۔
ایواڈنی اسمتھ نے اپنے پیچھے جمیکا میں ایک بیٹا چھوڑا ہے جس سے رابطہ نہیں کیا جا سکا۔
حادثے سے پہلے، اڈینا، ان کی بیٹی آریا اور نینی نارتھ کیرولائنا میں اڈینا کو گود لینے والے والدین، جان رومپل اور باربرا رومپل سے ملنے گئےتھےجو ممتاز ری پبلکن عطیہ دہندگان ہیں۔
اڈینا جو کنیٹیکٹ اور نیو ہیمپشر میں اپنی ماں کے ساتھ پلی بڑھی تھیں، بڑے ہونے کے بعد اتفاقاً جان اور باربرا سے ملیں۔ ان دونوں کا کہنا ہے کہ اڈینا نے انہیں اپنی بیٹی وکٹوریہ کی یاد دلائی جو 30 برس قبل 19 سال کی عمر میں سکوبا ڈائیونگ کے حادثے میں جان کی بازی ہار گئی تھیں۔ "
رومپل فیملی نے آزرین کے ساتھ اتنا مضبوط تعلق محسوس کیا کہ انہوں نے اسے گود لینے کا فیصلہ کیا ۔ ایک ایسا عمل جو اس وقت حتمی شکل کو پہنچا جب آزرین کی عمر 40 سال تھی۔ سات سال بعد اڈینا نے ’ان وٹرو فرٹیلائزیشن‘ کے ذریعے اپنی بیٹی آریا کو جنم دیا۔
جان رومپل نے کہا کہ "میں کسی انسان سے اس سے زیادہ پیار نہیں کر سکتا جتنا کہ میں اس سے اور اپنی نواسی سے کرتا ہوں۔"
رمپل نے پائلٹ کی شناخت جیف ہیفنر کے نام سے کی۔ رومپل نے، جو کئی طیاروں کے مالک ہیں کہا کہ انہوں نے حال ہی میں 69 سالہ ہیفنر کو بطور پائلٹ اور مکینک کام پر رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہیفنر کے ساتھ تقریباً پانچ سال کام کیا ہے۔
رومپل نے ہیفنر کی پائلٹ کے طور پر مہارت کے بارے میں کہاکہ اس میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں تھا، "اگر وہ نہ ہوتے تو میں اپنی بیٹی اور نواسی کو پرواز میں نہیں جانے دیتا۔"
ڈین نیولن نےجو ایک وکیل ہیں اور فلوریڈا کی ایک قانونی فرم کے سربراہ ہیں جہاں ہیفنر فلائٹ کیپٹن کے طور پر کام کرتے تھے، کہا کہ ہیفنر ایک "انتہائی قابل اور ہنر مند ہوا باز"تھے جنہوں نے ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کے ساتھ بطور کپتان 25 سال تک اور 25,000 گھنٹے تک پرواز کا تجربہ حاصل کیا تھا۔
ہیفنر شادی شدہ اورتین بچوں کے باپ تھے۔ ان کے خاندان کا کہنا ہے، "ہم اس سانحے کی خبر سے تباہ ہو گئے ہیں جس نے جیف اور تینوں مسافروں کی جان لے لی۔ ہمارے دل، جان اور باربرا رومپل کے لیے ان کی بیٹی اور نواسی کے کھو جانے پر غم سے بھرے ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ پائلٹ نےٹینیسی سے ٹیک آف کے چند منٹس میں ہی ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات کا جواب دینا بند کر دیاتھا۔
ہوائی جہاز نے نیویارک کے لیے اڑان بھری، لانگ آئی لینڈ پر اپنی منزل کے قریب پہنچ کر راستہ بدل کر واشنگٹن کے اُوپر پرواز کی۔
حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کیبن کے اندر ہوا کا دباؤ بھی ایک اہم سبب ہو سکتا ہے۔
(اس رپورٹ کی تفصیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)