پاکستان کی وزارت داخلہ نے ملک میں مقیم افغانوں کے ویزوں میں مقامی طور پر توسیع کرنے کی پالیسی ختم کر دی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے منگل کو پارلیمان کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی ویزا پالیسی کا مقصد پاکستان میں لوگوں کی غیر قانونی آمد کی حوصلہ شکنی ہے۔
’’اب اگر افغان شہریوں نے ویزا کی تجدید کروانی ہے یا نیا ویزا لینا ہے تو وہ واپس افغانستان جا کر ہمارے سفارت خانے سے رجوع کریں کیونکہ پوری دنیا میں ہوتا ہے کہ جتنی دیر کے لیے آپ آئیں ہیں اتنی دیر رہنے کے بعد واپس چلے جائیں۔‘‘
رحمٰن ملک نے انکشاف کیا کہ اُن کے مشاہدے میں ایسے بھی کیس آئے ہیں جن میں ایک افغان شہری گزشتہ 22 سال سے جبکہ دوسرا گزشتہ 29 سال سے اپنے ویزے کی تجدید کرواتا آ رہا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی کی ویزا پالیسی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔