رسائی کے لنکس

واگنر کے کمانڈر کی روس واپسی، یوکرین پر میزائل حملے میں 5 شہری ہلاک


پریگوزن سروس کی جاری کردہ ویڈیو سے لی گئی اس تصویر میں واگنر عسکری گروپ کے سربراہ وگینی پریگوزن، روسی شہر روسٹن آن ڈان کے فوجی ہیڈکوارٹرز پر قبضے کے بعد خطاب کر رہے ہیں۔ 24 جون 2023
پریگوزن سروس کی جاری کردہ ویڈیو سے لی گئی اس تصویر میں واگنر عسکری گروپ کے سربراہ وگینی پریگوزن، روسی شہر روسٹن آن ڈان کے فوجی ہیڈکوارٹرز پر قبضے کے بعد خطاب کر رہے ہیں۔ 24 جون 2023

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے جمعرات کو کہا کہ واگنر(کرائے کے روسی فوجیوں کا گروپ) کے سربراہ گوگینی پریگوزن اب بیلاروس میں نہیں ہیں اور وہ روس واپس چلے گئے ہیں۔

پریگوزن گزشتہ ماہ اپنے واگنر گروپ کی مسلح بغاوت کو ختم کرنے کے معاہدے کے ایک حصے کے طور پر بیلاروس گئے تھے۔

صدرلوکاشینکو اس معاہدے کے ثالث تھے، جس میں پریگوزن اور اس کے فوجیوں کے لیے حفاظتی ضمانتیں دی گئیں تھیں۔

واگنر فوجیوں کا ایک گروپ ۔ 26 جون 2023
واگنر فوجیوں کا ایک گروپ ۔ 26 جون 2023

لوکاشینکو نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ واگنر کے کچھ جنگجوؤں کو بیلاروس میں تعینات کرنے کی ان کی پیشکش اب بھی برقرار ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال ان کی منتقلی اور انہیں یہاں رکھے جانے کے معاملے پر فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ "میں اس بارے میں قطعی فکرمند نہیں ہوں کہ ہم یہاں ان کی میزبانی کریں گے۔"

پریگوزن اور اس کے فوجیوں نے 23 جون کو روس کی فوجی قیادت کے خلاف بغاوت شروع کی تھی اور انہوں نے ماسکو کی طرف پیش قدمی سے پہلے جنوبی روس کے شہر روسٹن آن ڈان کے فوجی ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا تھا۔

لویف پر روسی میزائل حملے میں پانچ شہری ہلاک

روس نے جمعرات کو میدان جنگ سے دور واقع مغربی یوکرین کے ایک شہر پر کروز میزائل کا حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال روسی فورسز کے یوکرین پر حملے کے بعد سے یہ لویف کے شہری علاقے پر سب سے بڑا حملہ ہے۔

روسی میزائل حملے میں لویف کی ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی دو منزلیں تباہ ہو گئیں جس سے پانچ افراد ہلاک اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا۔ 6 جولائی 2023
روسی میزائل حملے میں لویف کی ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی دو منزلیں تباہ ہو گئیں جس سے پانچ افراد ہلاک اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا۔ 6 جولائی 2023

میزائل گرنے سے رہائشی عمارت کی چھت اور اوپر کی دو منزلیں تباہ ہو گئیں۔ امدادی کارکنوں نے رات بھر ملبہ ہٹا کر اس میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم ازکم 36 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

لویف صوبے کے گورنر میکسم کوزیٹسکی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے پانچ افراد کی عمریں 21 سے 95 سال کے درمیان تھیں۔

لویف کے میئر اینڈری سدووی نے بتایا کہ میزائل کے حملے سے تقریباً 60 اپارٹمنٹس اور 50 کاروں کو نقصان پہنچا ہے۔

لویف میں میزائل حملے کے بعد طبی عملہ زخمیوں کو عمارت سے نکال کر اسپتال لے جا رہا ہے۔ 6 جولائی 2023
لویف میں میزائل حملے کے بعد طبی عملہ زخمیوں کو عمارت سے نکال کر اسپتال لے جا رہا ہے۔ 6 جولائی 2023

یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے اس نے بحیرہ اسود سے لویف داغے جانے والے 10 کروز میزائلوں میں سے سات کو روک دیا تھا۔

یوکرین کا شہر لویف ، پولینڈ کی مغربی سرحد کے قریب ہے اور مشرقی اور جنوبی یوکرین میں جنگ کی فرنٹ لائن سے 500 کلومیٹر سے زیادہ کے فاصلے پر ہے، جہاں کیف نے روسی افواج کے خلاف جوابی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

(اس خبر کے لیے کچھ معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

XS
SM
MD
LG