رسائی کے لنکس

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں گیل کی جارحانہ بیٹںگ؛ آسٹریلیا کو سیریز میں شکست


کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 14000 رنز بنانے والے واحد بلے باز بن گئے ہیں۔
کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 14000 رنز بنانے والے واحد بلے باز بن گئے ہیں۔

جارحانہ بلے باز کرس گیل کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس طرح میزبان ٹیم نے نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ پانچ میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔

ویسٹ انڈیز کے 'ڈیرن سیمی نیشنل اسٹیڈیم' میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔

بظاہر آسان دکھائی دینے والے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپننگ بلے باز آندرے فلیچر چار رنز بنانے کے بعد پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کرس گیل نے لینڈل سمنز کے ساتھ مل کر محتاط انداز اپنایا اور اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ پر 38 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو سمنز 15 رنز بنا کر رلے میرڈتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ لیکن دوسرے اینڈ پر کرس گیل نے اپنا کھیل جاری رکھا۔

گیل نے 33 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جو 2016 کے بعد انہوں نے محدود اوور کی کرکٹ میں بنائی ہے۔ اسی کے ساتھ گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 14 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے واحد بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر بھی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کیرون پولارڈ ہیں جو اب تک 10 ہزار 836 رنز بنا چکے ہیں جب کہ پاکستان کے شعیب ملک 10 ہزار 741 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ویسٹ انڈیز کا مجموعی اسکور 12 اوورز میں 109 تک پہنچا تو کرس گیل بھی میردٹھ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں سات چھکے اور چار چوکے بھی شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز نے 142 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر پانچ اوورز قبل ہی حاصل کیا۔ وکٹ کیپر بلے باز نکولس پُورن نے 21 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے رلے میرڈتھ نے تین اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے اس سے قبل پہلے بیٹنگ کی تو کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ کپتان ایرون فنچ 30، موئسز ہینرک 33، ایشٹن ٹرنر 24 اور میتھیو ویڈ 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیڈن والش نے دو، ڈیوائن براوو، فیبن ایلن اور اوبیڈ میکوئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کو 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG